Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانحہ ساہیوال پر دھرنا کب ہو گا؟مریم اورنگزیب

  اسلام آباد.... مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان بچوں کی ذمہ داری نہ لیں سانحہ ساہیوال کی ذمہ داری قبول کریں۔عوام کے سامنے حقائق کب آئیں گے؟قوم کو بتائیں کہ نہتے شہریوں پر گولیاں کیوں چلائی گئیں؟۔ ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کی کارکردگی کے پیچھے آپ کھڑے ہیں تو استعفیٰ کب دیں گے؟ وزیراعلی پنجاب سے کب استعفیٰ لیں گے؟۔ انہوںنے کہاکہ بے حسی کی انتہا ہے کہ وزیراعظم بچوںکی ذمہ داری تو لے لی لیکن واقعہ کی ذمہ داری لینے سے قاصررہے۔اندوہناک، دلخراش اور افسوسناک واقعہ پر پورا پاکستان دکھی اور ہر آنکھ نم ہے۔ 24 گھنٹے بعد وزیراعظم کو اس وا قعہ پر دکھ ہوا۔انہیں یاد آیا کہ وہ وزیراعظم ہیں۔اندوہناک وا قعہ کے بعد پنجاب کی پوری حکومت چھپ گئی اور منظر سے غائب ہوگئی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران صاحب ٹوئٹ سے کام نہیں چلے گا۔ عوام کو اپنے دکھوں کا جواب چاہئے۔ عوام کو بتائیں اس ظلم کے خلاف آپ کب دھرنا دے رہے ہیں؟۔کب کنٹینر کب سج رہا ہے؟ پارلیمنٹ کے باہر کب آرہے ہیں؟ عوام کو بتائیں کہ پنجاب اسمبلی کو کب آگ لگارہے ہیں؟ ۔ عوام کو بتائیں کہ وزیراعلی پنجاب کو گردن سے گھسیٹ کر اور گلے سے پکڑ کر کب عوام کے حوالے کریںگے؟ ۔ ان تمام سوالات کے جوابات آپ کو دینا ہوں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ دکھ کرنے کے بجائے پنجاب کے عوام کو بتائیں کہ ذمہ داروں کو کب سزا ملے گی؟ وہ کب قانون کے کٹہرے میں کب کھڑے ہوں گے؟ ۔ قوم کو بتائیں کہ اصل وزیراعلی پنجاب کون ہے؟ پنجاب کے عوام کی سیکیورٹی کا ذمہ دار کون ہے؟۔ 
 

شیئر: