Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب :محفوظ بینکنگ والے ممالک میں شامل ہے ، طلعت حافظ

گزشتہ برسوں کے مقابلے میں جعل سازی میں نمایا ں کمی آئی ، آن لائن بینکنگ سسٹم کو بھی عالمی معیار کے مطابق محفوظ بنا یا گیا ہے، جنرل سیکرٹری و ترجمان سعودی بینکنگ کمیٹی کی اردو نیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سعودی بینکنگ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل و ترجمان طلعت حافظ نے کہا ہے کہ مملکت میں بینکنگ خدمات کو محفوظ تربنایاگیا ہے ۔ سعودی عرب ان چند ممالک میں شامل ہے جو بینکنگ سروسز کے حوالے سے محفوظ تر ین مانے جاتے ہیں ۔ جدید ٹیکنالوجی کو موثر بناتے ہوئے جعل سازی کے سد باب کےلئے مکمل طور پر کوشاں ہیں ۔ بینکنگ سیکٹر کو مکمل طور پر " فراڈ پروف " بنانے کےلئے سنجیدگی سے کوشش کر رہے ہیں ۔ صارفین کو چاہئے کہ وہ کسی بھی طرح کی دھوکہ دہی سے بچنے کےلئے فرضی موبائل پیغامات پر توجہ نہ دیں ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طلعت حافظ نے مزید کہا کہ بینکنگ کونسل اور مملکت میں ٹیلی کمیونیکشن خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے مشترکہ ٹیلی فون سروس شروع کی گئی ہے جس کا نمبر 330330 ہے ۔ صارفین جعل سازوں کے بارے میں مذکورہ نمبر پر وہ ایس ایم ایس فارورڈ کر سکتے ہیں جو انہیں موبائل پر اکاﺅنٹ اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے موصول ہوا ۔ حافظ نے مزید کہا کہ جہاں بینکنگ کونسل کی جانب سے حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں وہاں صارفین اور اکاﺅنٹ ہولڈرز کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاط کو مقدم رکھتے ہوئے اس امر کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی انجان شخص کو اپنے بینک اکاﺅنٹ کی ذاتی اور انتہائی حساس معلومات خصوصاً پن کوڈ وغیرہ قطعی طور پر فراہم نہ کریں تاکہ کوئی انکا غلط استعمال نہ کرسکے ۔ سعودی بینکنگ کونسل اورصارفین کی آگاہی کمیٹی کی جانب سے بینک ٹرانزکشن اور دیگر معاملات کو محفوظ تر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اسی لئے سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں ہونے لگا ہے جہاں بینکنگ خدمات کو محفوظ سمجھا جاتا ہے ۔ کونسل کی جانب سے آن لائن خریداری کو بھی محفوظ بنانے کے لئے مثالی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ مائکرو چیپ والے اسمارٹ کارڈز سے بینک سروسز کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے جبکہ نیشنل پےمینٹ اسکیم (mada) کی سہولت کو بھی بہترکیا گیا ہے ۔ ماضی کے مقابلے میں بینکنگ خدمات میں کافی بہتری لائی گئی تاکہ اکاﺅنٹ ہولڈرز کو سہولت ہو اور انکا اکاﺅنٹ اور آن لائن خریداری محفوظ رہے ۔ ایک سوال پر بینکنگ کونسل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں بینکنگ کو محفوظ بنانے کےلئے سیکیورٹی کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے انہیں pci اسٹینڈر ڈ کے مطابق کیا گیا ہے ۔ بینکنگ فراڈ اور دھوکہ دہی کے کیسوں کے بارے میں حافظ کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بینک فراڈ کیسوں میں60 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی ہے ۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران مملکت کی سطح پر مختلف نوعیت کی00 17 کوشش ریکارڈ کی گئی جو کامیاب نہیں ہو سکیں۔ جبکہ گزشتہ برس 2.3 بلین بینکنگ کے معاملات انجام دیئے گئے جن کی مجموعی مالیت 50 ٹریلین ریال تھی یہ صرف الیکٹرانک ٹرانزکشن تھی تاہم اس حوالے سے ہماری کوشش ہے کہ مملکت میں بینکنگ سروسسز کو مکمل طور پر " فراڈ فری " کیا جاسکے ۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ سے بینک اکاﺅنٹ اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے ہیکرز کے ایس ایم ایس لوگوں کو موصول ہو رہے ہیں جن میں کہا جاتا ہے کہ بینک اکاﺅنٹ اپ ڈیٹ کریں بصورت دیگر آپکا اکاﺅنٹ سیز کر دیاجائے گا ۔ ہیکرز صارفین کی معلومات حاصل کر کے فوری طور پر اکاﺅنٹ سے رقم نکلوا لیتا ہے ۔ اس کے بارے میں سعودی بینکنگ کونسل نے لوگوںکو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ اس قسم کے کسی پیغام پر توجہ نہ دی جائے ۔ بینک اکاﺅنٹ اپ ڈیٹ کرانے کےلئے بینک سے ہی رجو ع کیاجائے ۔ 

شیئر: