Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ ریاض میں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات

سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کی اہلیہ عائشہ علی مہمان خصوصی تھیں، اسکول کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا،شہر کی نمایاں شخصیات مدعو
ریاض( ذکاءاللہ محسن) زندگی کے کسی بھی مقام پر نمایاں کامیابی وکامرانی حاصل کرنا ہر انسان کا خواب ہوتا ہے اور جب یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہے تو اس کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں رہتی لیکن اگر کامیابی پر اسے ہدیہ تحسین سے بھی نوازا جا ئے تو اس کی مسرت دوچند ہو جاتی ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض کے اعلیٰ معیارتعلیم کی بناء پر ہر سال فیڈرل بورڈ کے امتحان میں طلبا ء نمایاں پوزیشن اور گریڈ حاصل کرتے ہیں اور ان کی حسن کارکردگی پر ا سکول کی جانب سے ان کو اعزازی انعامات اور اسناد سے نوازا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ا سکول کے سینیئر گرلز ونگ اوّل میں سال 2017 اور سال 2018ء کے پوزیشن حا صل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے سرپرست اعلیٰ اسکول کے پرنسپل ائیر کموڈور (ر)نعیم اختر اور سر پرست وائس پرنسپل و ونگ انچارج فوزن عظیم بھٹی تھیں۔ منتظمین میں کنٹرولر امتحانات روبینہ انور، عائشہ نعیم اور شمامہ جان شامل تھیں۔ تقریب کی مہمان خصوصی سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کی اہلیہ عائشہ علی تھیں۔ اسکول کو بہت خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔ جا بجا جھنڈے اور خوبصورت طغرے عمارت کی خوبصورتی کو چار چاند لگا رہے تھے۔شہر بھر کی نمایاں شخصیات کو بھی تقریب دیکھنے کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔ جن میں مینجمنٹ کونسل کے اراکین کی بیگمات مسز فاخرہ افضل ، مسز گل رخ عبید، مسز شمائلہ نور طلحہ، مسز عمران بھٹی، مسز پرنسپل آمنہ نعیم، مسز رفعت گوہر، مسز سمیرہ الشفیع اور ڈاکٹر حفصہ راحیل شامل تھیں۔ مہمان خصوصی کی آمد پر وائس پرنسپل نے ونگ انچارجز ، سینیئر اساتذہ اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ ان کا پرجوش استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت سال اوّل کی طالبہ حنیفہ خان نے حاصل کی۔سال دوم کی طالبات کی طرف سے خوبصورت انداز میں مہمانوں کوخوش آمدید کہا گیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض فرح ماجد اور شازیہ سلیم نے احسن انداز سے انجام دیے۔ کنٹرولر امتحانات روبینہ انور اور عائشہ نعیم نے گزشتہ سال کی رپورٹ پیش کی۔ جس میں انہوں نے حاضرین کو 18- 2017 کے SSC-II اور HSSC-IIکے نتائج سے آگاہ کیا۔ میٹرک کے امتحان 2018 میں اسماء حیات خان نے اسکول میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحان 2017 میں رومان نے اور سال 2018 کے امتحان میں ملیحہ بشارت نے اسکول بھر میں پہلی پوزیشنیں حاصل کیں۔مہمان خصوصی نے وائس پرنسپل کے ہمراہ ایسی تمام طالبا ت جنہوں نے بورڈ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن اور اے ون گریڈ حاصل کیا تھا میں تعریفی اسناد اور میڈل تقسیم کئے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کو بھی ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اسناد سے نوازاگیا۔ اسکول میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں فیڈرل بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو ڈاکٹر جاوید اقبال نمائند ہ خصوصی اردو نیوز انعامات بھی دیے گئے۔ مہمان خصوصی کو اس موقع کی یادگار کے طور پر اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ وائس پرنسپل فوزن عظیم بھٹی نے مہمان خصوصی کی آمد پر اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہمارے ادارے میں تشریف لانا اور ا سکول کی سرپرستی فرمانا باعث فخر ہے۔کامیاب طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا کہ یہ ان کی مخلصانہ محنت کا نتیجہ ہے کہ ہماری طالبات نے تعلیمی میدان میں گراں قدر کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے پرنسپل اور ا سکول مینجمنٹ کونسل کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیاکہ وہ ہر معاملے اور ہر موقع پر اساتذہ اور طالبات کی رہنمائی فرماتے ہیں۔مہمان خصوصی مسز عائشہ علی نے اپنے خطاب میں منتظمین کا شکریہ ادا کیاکہ انہیں اس قدر خوبصورت تقریب میں شرکت کا موقع دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے تمام پوزیشن ہولڈر اور اے ون گریڈرز طالبات کو ا سٹیج پر بلایا اور کہا کہ آج آپ کو موقع ملا ہے کہ آپ اپنے اساتذہ اور والدین کا شکریہ ادا کریں کیونکہ ان کی محنت اور دعاو¿ں کے بغیر یہ کامیابیاں آپ کو نہیں مل سکتی تھیں۔ سب طالبات نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کے لفظوں کی تائید کی اور اپنے اساتذہ اور والدین کو بےحد سراہا۔ یقینا ً یہ سب کیلئے یادگار موقع تھا۔ انہوں نے شاندار پروگرام کے انعقاد پر وائس پرنسپل کو مبارکباد پیش کی اور قومی ترانے کے ساتھ یہ پر وقار تقریب اختتام کو پہنچی۔

شیئر: