Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی شہری کے ”اکاﺅنٹ سے 90 لاکھ درہم چوری “

دبئی ۔ ۔۔ بینک اکاؤنٹ ہیک کرنے والے  پیشہ ور گروہ نے مبینہ طور پر ایک اماراتی شہری کے کھاتے سے 90 لاکھ درہم نکال لیے۔
الامارات الیوم اخبار نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ امارات کے ایک شہری کے کھاتے میں 90لاکھ 47ہزار 500درہم جمع تھے جو اطلاعات کے مطابق اس کی عمر بھر کی بچت تھی اور اب اس کے کھاتے میں صرف 36 درہم باقی بچے ہیں۔
ہیکرز نے اماراتی شہری کے اکاؤنٹ سے رقم کا ایک حصہ ایک کمپنی کے دوسرے بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل کیا اور باقی ماندہ رقم مفرور ملزم کے کسی اور بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔
بینک کو ہیکنگ اور ٹرانسفر کی کارروائی کا علم اس وقت ہوا جب ساری کارروائی مکمل ہوچکی تھی۔
رپورٹ کے مطابق  بینک کی ایک خاتون منیجر نے متاثرہ شخص سے رابطہ کرکے دریافت کیا کہ انہوں  نے اپنی ساری رقم اچانک دوسرے بینکوں میں منتقل کیوں کی اور اب ہمارے یہاں آپ کے کھاتے میں صرف 36درہم باقی بچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اماراتی  کھاتیدار یہ سن کر سناٹے میں آگیا اور اس نے کہا کہ انہو ں نے تو کوئی بھی رقم اپنے کھاتے سے نہیں نکلوائی۔
حکام کے مطابق دبئی پبلک پراسیکیوشن نے ایک ملزم گرفتار کیا  ہے ۔اس کے خلاف مقدمے کی کارروائی شروع کی جاچکی ہے جبکہ دیگر ملزمان مفرور ہیں۔
ہیکنگ کا نیا  طریقہ کار
استغاثہ کے مطابق ہیکرز نے ہیکنگ کا  نیا  طریقہ کار اختیار کیا۔ تینوں نے ایک مواصلاتی کمپنی میں جعلی کاغذات داخل کرائے۔
انہوں نے ظاہر کیا کہ متاثرہ اماراتی کھاتیدار کے موبائل کی سم گم ہوگئی ہے اس کی جگہ نئی سم جاری کرالی گئی۔ ہیکرز نے جملہ تفصیلات غیر قانونی طریقے سے حاصل کرکے فارم  بھر دی تھیں اس کے بعد انہوں نے بینک کی ای سروس کے توسط سے کارروائی شروع کی۔
بینک کے ایک ملازم کو دھوکہ دیکر اس سے کئی قسطوں میں اماراتی کھاتیدار کی رقم ملزمان کے دو کھاتوں میں منتقل کرالی۔
متاثرہ اماراتی کے بھائی نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کے ہمرا ہ بینک گیا اور وہاں اس نے رقم کی منتقلی کی تفصیلات دریافت کیں تو پتہ چلا کہ ساری کارروائی آن لائن موبائل ایپلی کیشن کے ذریعےکی  گئی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بھائی نے کبھی کوئی رقم نہیں نکلوائی۔ وہ اس کھاتے پر نظر اس لیے نہیں رکھتے تھے کیونکہ یہ اکاؤنٹ بچت فنڈ کے لیے  مخصوص تھا۔
متاثرہ شخص کے بھائی نے کہا کہ اس  دوران اس نے محسوس کیا کہ بینک میں رجسٹرڈ اس کے  بھائی  کا  موبائل نمبر موجود نہیں ہے۔ اسی سے اس بات کا علم ہوا کہ ملزمان نے متبادل سم نکلوا کر اکاؤنٹ ہیک کیا ۔

شیئر: