Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آنکھوں سے شہد کی زندہ مکھیاں نکل آئیں

تائیوان میں ڈاکٹروں نے ایک لڑکی کی آنکھوں سے4 شہد کی مکھیوں کو نکالاہے ۔ آپریشن کرنے والے سرجن کا کہنا ہے کہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق تائیوان کے جنوبی علاقے میں رہائش پذیر ہی نامی 20 سالہ لڑکی آنکھوں کی تکلیف میں مبتلا تھی تاہم کئی ڈاکٹروں کو دکھانے کے باوجود بیماری کی تشخیص نہ ہو سکی ۔
ہی کو تائیوان کے فویان یونیورسٹی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ اس کی آنکھوں میں شہد کی مکھیاں ہیں جو آنسو چوس کر زندہ ہیں۔
فویان یونیورسٹی ہسپتال کے آئی سرجن ہونگ چی تنگ نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ہی کی آنکھوں سے چار چھوٹی شہد کی مکھیاں نکالیں۔
لڑکی نے بتایا کہ وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ پہاڑی علاقے میں قبروں پر گئی جہاں جھاڑیاں اکھاڑتے ہوئے چیزیں اڑ کر اس کی آنکھوں میں گھس گئیں ۔ ’اس وقت مجھے لگا کہ شاید یہ گرد ہے۔‘
 اخبار کے مطابق آپریشن کرنے والے ڈاکٹر ہونگ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’جب ہم نے طبی تجزیے کیے اور مائیکروسکوپ سے دیکھا تو لڑکی کی آنکھ میں شہد کی چھوٹی مکھیاںتھیں جو اس کے آنسووں سے اپنے لئے غذا حاصل کر رہی تھیں ۔‘
ڈاکٹر ہونگ کے مطابق جب یہ مکھیاں حرکت کرتیں تو لڑکی کوتکلیف کا احساس ہوتا ۔
 ڈاکٹر نے بتایا کہ اس قسم کا واقعہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے اس سے قبل طب کی تاریخ میں ایسا واقعہ کہیں سننے میں نہیں آیا ۔
ڈاکٹر ہونگ کا کہنا تھا کہ ان چھوٹی مکھیاں کو ’سویٹ بیز‘کہا جاتا ہے۔ یہ زیادہ تر ساحلی علاقے میں اگی خودرو جھاڑیوں اور گرے ہوئے درختوں میں رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ’ ممکن ہے کہ ہوا کے جھونکے کے ساتھ لڑکی کی آنکھ میں گھس گئیں جہا ں سے نکل نہ سکیں ۔

شیئر: