Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹھارویں ترمیم نے وفاق کو دیوالیہ کردیا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق دیوالیہ ہوگیا ہے جب کہ صوبے اس ترمیم کے تحت ملنے والے اختیارات کے مطابق ٹیکس اکھٹاکرنے میں ناکام رہے ہیں ۔
اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ سال مشکل تھااورکوئی بھی اتنی جلدی اداروں کو ٹھیک نہیں کر سکتا ۔
صحافیوں اور اینکر پرسنز کے ساتھ ملاقات کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کے ساتھ پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلی محمود خان کے علاوہ جہانگیر ترین بھی موجود تھے ۔
انہوں نے کہا 'اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں نے ٹیکس کی مد میں جو رقم اکھٹا کرنا تھی وہ نہیں ہو سکی۔ وفاق صوبوں کو رقم دیتا ہے اور خود دیوالیہ ہو جاتا ہے۔'
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں انقلابی بلدیاتی نظام لارہے ہیں جس سے نئی لیڈر شپ آئے گی ۔'نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب میں پنچائت کے براہ راست الیکشن ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہروں میں میئر کا الیکشن براہ راست کرائیں گے جب کہ 22ہزار پنچائتوں کو 40 ارب کے فنڈز دیں گے۔'اس طرح 30فیصد بلدیاتی فنڈز براہ راست بلدیات کو جائیں گے۔'وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں جو بھی فنڈز ہوتے تھے وہ لاہور پر ہی خرچ کیے گئے ۔

عمران خان نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام پوری دنیا کے نظام کا مطالعہ کرنے کے بعد بنایا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ اگر شہر یا تحصیل اپنا ٹیکس اکھٹا نہیں کر سکتے تو بلدیاتی نظام چل ہی نہیں سکتا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حالت میں شہر ٹھیک ہو ہی نہیں سکتا۔ 'جب تک شہر اپناپیسہ خود اکھٹا نہیں کریں گے ٹھیک نہیں ہو سکتے۔'
صدارتی نظام کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ 'مجھے سمجھ نہیں آرہی صدارتی نظام کدھر سے آ رہا ہے۔ ہماری طرف سے نہیں آ رہا۔ ہمیں تو پتہ ہی نہیں کہ ساری جگہوں پر یہ بات کون کر رہا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں چینی کمپنیاں آ رہی ہیں ۔

شیئر: