Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھیتوں میں جہاز اتارنے والا پائلٹ ’ہیرو‘

ایک مسافر نے بتایا کہ ’سب کچھ چند سیکنڈز میں ہوا، جہاز نے اڑان بھری اور پھر نیچے اتر گئے۔‘ تصویر: روئٹرز
روس کے دارالحکومت ماسکو میں جہاز کو کھیتوں میں اتار کر حادثے سے بچانے والے پائلٹ کو ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔
جمعرات کو ماسکو سے کریمیا جانے والے ایئربس کے انجن سے پرندوں کا غول ٹکرا گیا جس کے بعد پائلٹ نے جہاز کو فوری طور پر ایئر پورٹ سے ایک کلومیٹر دور مکئی کے کھیت میں اتار دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جہاز میں عملے کے سات افراد اور 226 مسافر سوار تھے۔
روس کی وزارت صحت کے بیان کے مطابق ایمرجنسی لینڈنگ میں 23 افراد زخمی ہوئے جن کو ہسپتال لایا گیا، ان میں نو بچے بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سات افراد کو نگہداشت میں رکھا گیا ہے جبکہ ایک 28 سالہ شخص کو دماغ میں چوٹ آئی ہے۔
یوسپوئے کے گورنر یوگنی کیوشیو نے کہا ہے کہ جہاز کے عملے نے ٹھنڈے دماغ، سکون اور انتہائی مہارت کے ساتھ جہاز کا اتارا ہے۔

مسافروں اور حکام نے پائلٹ اور عملے کو ہیروز قرار دیا ہے۔ تصویر: بشکریہ ماسکو ٹائمز

انہوں نے کہا کہ ’پائلٹ اور اس کی ٹیم نے 233 جانیں بچائیں۔ وہ ہیرو ہیں۔‘
روسی ٹی وی 24 سے بات کرتے ہوئے جہاز کے ایک مسافر نے بتایا کہ ’یہ سب کچھ بس چند سیکنڈز میں ہوا۔ جہاز نے اڑان بھری اور پھر نیچے اتر گئے۔‘
روساویاٹسیا ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یورل ایئرلائن کی ایئربس 321 نے ماسکو کے زوکویسکی ایئرپورٹ سے اڑان بھری ہی تھی کہ سمندری بگلوں کا ایک غول اس کے انجن سے ٹکرا کر اندر چلا گیا۔‘

شیئر: