Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خود کو کوئی توپ چیز سمجھا تو اچھا نہیں ہوگا‘

عامر خان نے غیر متوقع طور پر فون کرکے کرینہ کپور کا آڈیشن لیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا
بالی وڈ سٹار کرینہ کپور نے اپنے 19 سالہ فلمی کیرئیر میں پہلی مرتبہ عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈا‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے آڈیشن دیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق کرینہ کپور نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لال سنگھ چڈا‘ میں کام کرنے کے لیے عامر خان نے یہ آڈیشن اس لیے لیا کیونکہ وہ اس بات کی سو فیصد تسلی کرنا چاہتے تھے کہ وہ (کرینہ) یہ کردار ادا کر پائیں گی یا نہیں۔
کرینہ نے کہا کہ ’جیسا کہ میں عامر کو جانتی ہوں، وہ اس کردار کے حوالے سے سو فیصد یقین کرنا چاہتے تھے۔ غیر متوقع طور پر مجھے عامر کی کال آئی اور وہ کہنے لگے کہ میں چاہتا ہوں آپ اس فلم کی کہانی سنیں، میں بہت پرجوش ہوں وغیرہ وغیرہ۔ لہذا یہ سب بہت اچانک ہو گیا۔
کرینہ نے مزید بتایا کہ ’میں نے صرف اسی وقت وہ سکرپٹ سنا تھا اور عامر کہنے لگے کہ چلو سکرپٹ کے کچھ سین پڑھتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں تم کچھ سین پڑھو۔ میں نے کہا اچھا ٹھیک ہے لیکن میں نے اس سے قبل اس طرح کا کام نہیں کیا۔ میں نے سوچا یہ کیا مصیبت ہے۔ میں دیکھنا چاہتی ہوں کہ میں یہ کردار کر سکتی بھی یا نہیں اور ایسا کرنے میں کوئی برائی بھی نہیں ہے۔‘

سیف علی خان نے بھی کرینہ کو سمجھایا کہ آڈیشن دینے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اپنے پہلے آڈیشن پر کرینہ نے کہا ’میرا خیال ہے کہ چیزیں بدل رہی ہیں اور اگر میں نے اپنے آپ کو وقت کے ساتھ نہ ڈھالا اور خود کو کوئی توپ چیز سمجھا تو اچھا نہیں ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر سیف علی خان نے بھی مجھے سمجھایا کہ ’ایسی صورتحال میں الپچینو کو بھی اس کردار کے لیے ٹیسٹ کیا جاتا۔ اس میں کوئی برائی نہیں ہے اور ہمیں اداکار ہونے کے ناطے سے یہ سب معلوم ہونا چاہیے۔‘
عامر خان اور کرینہ کپور اس سے قبل ’تلاش‘ اور ’تھری ایڈیٹس‘ جیسی فلموں میں اکٹھے کام کر چکے ہیں۔

شیئر: