Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات 

موسمی تبدیلی کے پیش نظر شہری دفاع کے تمام سینٹرز کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے موسم سرما کی بارش کے پیش نظر نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک سعودی عرب کے شمالی اور مغربی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
سبق نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ قصیم ، حائل ، مدینہ منورہ ، دمام ، الخبر ، الاحساءاور ریاض ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض علاقے گردو غبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔ 

شمالی اور مغربی علاقوں میں بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوگی

محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا کہ آئندہ چند دنوں میں مکہ، جدہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
عاجل ویب نیوز نے شہری دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ الباحہ ریجن میں موسمی تبدیلی تیزی سے رونما ہو رہی ہے، شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل جمعان الغامدی نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے پیش نظر شہری دفاع کے تمام سینٹرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ 

متوقع بارش کے پیش نظر بلدیہ نے اضافی عملے اور ہیوی مشنری کو مختلف مقامات پر پہنچا دیا ہے

 نشیبی شاہراہوں اور انڈر پاسز جہاں پانی جمع ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے وہاں ہیوی ڈیوٹی پمپس نصب کر دیئے گئے ہیں تاکہ انڈر پاسز میں جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کا بندوبست کیا جاسکے۔ 
کرنل الغامدی نے مزید کہا کہ متوقع بارش کے پیش نظر شہری  خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ریجن کے نشیبی علاقوں میں جہاں پانی کا ریلے سیلابی صورت اختیار کر لیتا ہے، میں جانے سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
متوقع بارش کے پیش نظر بلدیہ نے بھی ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے اضافی عملے اور ہیوی مشنری کو مختلف مقامات پر پہنچا دیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: