Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کارکن ’سادہ کاغذ پر دستخط نہ کریں‘

وزارت محنت کی جانب سے معاہدوں کی ڈیجیٹل تصدیق سے کارکنوں کو  فائدہ ہو گا (فوٹو: روئٹرز)
مملکت میں وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے آجر و اجیر کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہتر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت محنت نے گذشتہ ہفتے کارکنوں کے معاہدہِ ملازمت کو ڈیجیٹل طریقے سے وزارت کی ویب سائٹ پر درج کرانے کے لیے مرحلہ وار سسٹم کی منظوری دے دی ہے۔ 
ملازمت کے معاہدے کی ڈیجیٹل تصدیق سے جہاں کارکنوں کو فائدہ ہوگا وہیں کمپنی مالکان کے حقوق بھی محفوظ ہوں گے۔ مملکت کے قانونِ محنت کے مطابق ورک ایگریمنٹ یعنی معاہدہ ملازمت کی بہت اہمیت ہے۔
کسی بھی تنازعے کے وقت ملازمت کے معاہدے کو بنیاد بنا کر عدالت اپنا فیصلہ سناتی ہے۔ 
قانون محنت کے تحت غیر ملکی کارکنوں کی ملازمت کے معاہدوں کی سالانہ بنیاد پر تجدید لازمی ہے۔ پرانے معاہدے اس وقت منسوخ ہو جاتے ہیں جب ان کی جگہ نئے معاہدے پر سائن کیے جائیں۔ ورک ایگریمنٹ اس وقت تک قابل قبول نہیں ہوتا جب تک اس پر فریقین کی جانب سے دستخط موجود نہ ہوں۔
غیر ملکی کارکنوں کو اس امر کا خیال رکھنا چاہیے کہ تجدید کیے جانے والے معاہدوں پر وہ شرائط درج کی گئی ہوں جنہیں آجر نے منظور کیا ہو۔
ملازمت کے معاہدوں میں اس امر کا خیال رکھنا اشد ضروری ہے کہ تجدید کے وقت معاہدے پر وہ تنخواہ اور مراعات واضح طور پر درج کی گئی ہوں جو کارکن اس وقت وصول کر رہا ہے۔
بعض اوقات یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ معاہدے کی تجدید کے وقت کارکن کو دی جانے والی پرانی تنخواہ درج کر دی جاتی ہے جس کا اثر کارکن کے حقوق پر پڑتا ہے۔ یعنی جب وہ ملازمت سے سبکدوش ہو یا آجر سے کسی بات پر اختلاف ہو جائے تو اسے معاہدے میں درج شدہ تنخواہ کے حساب سے ادائیگی کی جاتی ہے۔
مملکت کے قانونِ محنت کے مطابق کارکنوں کے حقوق و واجبات کی مد میں ملازمت کے ابتدائی پانچ برس تک کارکنوں کو ایک سال گزرنے پر ایک ماہ کی آدھی تنخواہ ادا کی جائے گی۔ یعنی اگر کسی کارکن کو چار برس ملازمت کرنے کے بعد واپس جانا پڑتا ہے تو اسے چار برس کے حساب سے دو ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے گی۔

کارکنوں کے لیے معاہدہ ملازمت کی ہر سال تجدید کرانا لازمی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

 پانچ برس مسلسل ملازمت کے بعد ہر برس ایک ماہ کی تنخواہ کے حساب سے واجبات ادا کیے جائیں گے۔
معاہدے میں جو مجموعی تنخواہ درج ہو گی اسی حساب سے کارکن کو حقوق کی مد میں ادائیگی کی جائے گی۔ ورک ایگریمنٹ انتہائی اہم ہونے کی وجہ سے کارکنوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اداروں میں معاہدوں کی ہر برس تجدید کراتے رہیں۔
وزارت محنت کی جانب سے معاہدوں کی ڈیجیٹل تصدیق سے کارکنوں کو فائدہ ہوگا کیونکہ بعض اوقات یہ دیکھا گیا ہے کہ انفرادی آجروں کے پاس کام کرنے والے غیر ملکی کارکن کسی وجہ سے سادے کاغذ پر دستخط کر دیتے ہیں جو بعد میں ان کے لیے شدید مشکلات کا سبب بنتا ہے۔
سادے کاغذ پر دستخط کرنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کارکن اپنے حقوق اور واجبات سے غیر مشروط طور پر دستبردار ہوگیا ہے اس لیے اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ کسی بھی صورت میں سادے کاغذ پر دستخط یا انگوٹھے کے نشان نہ لگائے جائیں۔

سادہ کاغذ پر دستخط کرنے یا انگوٹھا لگانے سے کارکنوں کا نقصان ہوگا۔ فوٹو: ٹوئٹر

وزارت محنت کے قانون کے مطابق آجروں کو اس امر کا بھی پابند بنایا گیا ہے کہ کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی بینک کے ذریعے کی جائے تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ بینکوں کے ذریعے تنخواہ کی ادائیگی ٹھوس ثبوت ہوتی ہے جسے کسی بھی اختلاف کی صورت میں عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ 

شیئر: