Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم سرما کا لطف اٹھانے کہاں جائیں؟

ہر علاقے سے لوگ بحیرہ احمر کے جزیروں اور ساحلوں کا رخ کرتے ہیں۔ فوٹو: سیدتی
سعودی عرب میں موسم سرما کے سیاحتی مقامات اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد سیاحت کے لیے ان مقامات کا رخ کرتی ہے۔
سیدتی میگزین کے مطابق موسم سرما میں سعودی صحرا گہرے سبز رنگ کی چادر اوڑھ لیتا ہے۔ صحرا کے کئی علاقے سحر آفریں چمن زاروں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔

روضتہ الخریم 

ریاض کے قریب روضتہ خریم ان میں سے ایک ہے جہاں سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی بڑی تعداد میں آتے ہیں۔
روضتہ الخریم کی ایک خصویت یہ بھی ہے کہ وہاں الریم اور المہا عربی ہرن پائے جاتے ہیں۔ یہ اب نادر اور کمیاب ہیں۔ یہاں شتر مرغ بھی نظر آتے ہیں۔

 ریاض کے قریب روضتہ خریم میں سعودی اورغیر ملکی بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ فوٹو: سیدتی 

الروضة سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے 100 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ 30 کلو میٹر طویل ہے۔ یہاں مملکت کی متعدد وادیاں غیلانہ، الخویش، وثیلان، الثمامة آکر گرتی ہیں۔ سعودی عرب میں وادی ایسے دریا کو کہتے ہیں جو بارش کے عالم میں دریا ہوتے ہیں اور بارش کا سلسلہ ختم ہوجانے کے بعد خشک نالوں میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔
روضة الخریم ایسے درختوں اور پودوں کے حوالے سے مشہور ہے جو دیگر علاقوں میں کمیاب ہیں۔ یہاں الخزامی اور بہت عمدہ خوشبو والا پودا النفل پیدا ہوتا ہے۔ یہاں مختلف قسم کے پھول ہوتے ہیں۔ یہ آنے والوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔ ان میں مشہور ترین قیصوم، سلیح، قرنا، قریص صفار، قحویان اور حماض ہیں۔
الروضة میں محفوظ قومی جنگلات والے پودے بھی ہیں۔ ان میں الارضی، العشر، العوسج، الثمام، الرمث قابل ذکر ہیں۔
موسم سرما کے پرکشش باغات میں روضة التنھات، روضتہ نورة، روضة الخشم، روضة الخفس اور روضتہ المحلیہ کے نام بھی لیے جاتے ہیں۔ وادی الطوقی، وادی الجفیر، شعیب الحیسیہ، شعیب بعثیران، شعیب حریملاء، شعیب دقلتہ، شعیب صلبوخ اور جبل حسلات بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

الثمامہ تفریح گاہ بھی موسم سرما کے قابل دید مقامات میں سے ایک ہے۔ فوٹو: سیدتی 

الثمامہ تفریح گاہ 

الثمامہ تفریح گاہ بھی موسم سرما کے قابل دید مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ ریاض کے شمال میں واقع ہے۔ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی موسم سرما کے دوران یہاں جگہ جگہ خیمے نصب کرلیتے ہیں۔ ویک اینڈ پر پرلطف لمحات گزارتے ہیں۔
الثمامہ تفریح گاہ متعدد پہاڑیوں، نشیبی علاقوں، وادیوں، میدانی مقامات کا مجموعہ ہے۔ یہاں پودے، جانور اور جنگلی حیاتیات اپنی اصل شکل میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہاں آنے والے مہم جوئی کرتے ہیں اور صاف ستھری ہوا میں پرلطف وقت گزارتے ہیں۔ یہاں آنے والے موٹر سائیکل کی سواری کا شوق بھی پورا کرتے ہیں۔

تبوک میں برفباری

سعودی عرب میں سکیٹنگ کے شائقین موسم سرما کے منتظر رہتے ہیں۔ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی موسم سرما کے دوران تبوک کے اللوز پہاڑ کا رخ کرتے ہیں اور وہاں سکیٹنگ کا شوق پورا کرتے ہیں۔ 

سعودی عرب میں سکیٹنگ کے شائقین موسم سرما کے منتظر رہتے ہیں۔ فوٹو: العربیہ

 اللوز پہاڑ سطح سمندر سے 2600 میٹر اونچا ہے۔ موسم سرما میں برف پوش ہوجاتا ہے۔ اللوز (بادام ) کو کہتے ہیں اور اس کے درخت یہاں کثیر تعداد میں ہیں۔ یہ تبوک شہر سے 200 کلو میٹر دور ہے۔ جبل اللوز کے سیاح چٹانوں کے نقوش دیکھنے کا شوق بھی پورا کرتے ہیں۔ اللوز پہاڑوں کی چٹانوں پر ماہی گیروں، اونٹوں اور شتر مرغ کے نقوش بنے ہوئے ہیں۔

 بحیرہ احمر کے ساحل

بحیرہ احمر کے جزیرے اور اس کے ساحل بھی سیاحوں کے لیے اہم ہیں۔ ان مقامات کا موسم معتدل رہتاہے۔ یہ سعودی عرب کے شمال بعید سے لیکر جنوب تک چلے گئے ہیں۔ بحر احمر کے ساحلوں کی ریت سونے جیسی ہے۔ پانی صاف شفاف ہے۔ 

 اللوز پہاڑ سطح سمندر سے 2600 میٹر اونچا ہے۔ موسم سرما میں برف پوش ہوجاتا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر

یہاں مونگوں کی بستیاں ہیں۔ یہاں مختلف مقامات سے نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں کے جھنڈ کے جھنڈ دیکھنے کو ملتے ہیں۔
سعودی عرب کے ہر علاقے سے لوگ موسم سرما میں بحیرہ احمر کے جزیروں اور ساحلوں کا رخ کرتے ہیں۔

شیئر: