Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا: آگ سے متاثرہ ریاست میں بارش

ریاست کے موسمیات کے دفتر کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید بارش متوقع ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا میں جنگلات کی آگ سے متاثرہ ریاست کوئنز لینڈ میں طوفانی بارش نے بعض علاقوں میں درجہ حرارت کو کم کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو ہونے والے شدید بارش سے ریاست کے کچھ علاقوں میں آگ کے شعلے بجھ گئے ہیں تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ باد و باراں سے سیلاب کا خدشہ ہے۔
آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ اور ملحقہ علاقوں کے جنگلات میں گذشتہ برس ستمبر سے بھڑکنے والی آگ نے 25 لاکھ ہیکٹر رقبے کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔

 

روئٹرز کے مطابق ریاست کے بعض علاقوں میں ایک دن میں اتنی بارش ہوئی جتنی عموما تین ماہ میں ہوتی ہے۔  کوئنز لینڈ کے موسمیات کے دفتر نے بتایا ہے کہ ریاست کے ساحلی علاقوں میں اتوار کی صبح تک 24 گھنٹوں کے دوران 160 ملی میٹر (6.3 انچ) بارش ریکارڈ کی گئی۔
کوئنز لینڈ کے محکمہ موسمیات کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق ’ریاست میں آنے والے دنوں میں مزید بارش کی توقع ہے۔‘
روئٹرز کے مطابق کئی افراد کو سیلابی پانی سے بچایا گیا ہے اور بعض علاقوں میں سڑکیں اور پل زیر آب آئے ہیں تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ریاست کوئنز لینڈ میں طوفانی بارش نے بعض علاقوں میں درجہ حرارت کو کم کر دیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

خشک سالی اور آگ سے متاثرہ کوئنز لینڈ، وکٹوریا اور نیو ساؤتھ ویلز کی ریاستوں میں حالیہ بارشوں نے بعض علاقوں میں جنگل کی آگ کے شعلے کو کسی حد تک کم کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق پانچ ماہ سے بھڑکتی آگ کے شعلوں نے یونان کے رقبے جتنے علاقے کو نقصان پہنچایا ہے۔ آگ سے اب تک 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کروڑوں جنگلی حیات جل کر ختم ہو گئیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں