Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالرز

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ کراچی اور فائنل لاہور میں ہو گا (فوٹو: پی سی بی)
ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں سب سے بڑے کرکٹ میلے، ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں کُل 10 لاکھ امریکی ڈالرز کی مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق لاہور میں 22 مارچ کو ہونے والے فائنل کی فاتح ٹیم کو ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی کے ہمراہ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم بھی ملے گی، جب کہ پی ایس ایل فائیو کی رنراپ ٹیم دو لاکھ امریکی ڈالرز کی رقم وصول کرے گی۔
اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ ایونٹ میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 امریکی ڈالرز پر مشتمل انعامی رقم وصول کرے گا۔
80 ہزار امریکی ڈالرز مالیت کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگی۔
باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران  بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والےکھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔

پی ایس ایل کے تمام میچ پہلی بار پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں۔ فوٹو: پی سی بی

 34 میچز پر مشتمل 32 روزہ ایونٹ، ایچ بی ایل پی ایس فائیو ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ 
12 برس قبل ہونے والے ایشیا کپ میں چار ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیموں نے شرکت کی تھی، یہ ٹورنامنٹ لاہور اور کراچی میں کھیلا گیا تھا۔ ایشیا کپ 2008 میں کُل 13 میچز کھیلے گئے تھے۔ ایونٹ کے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو 100 رنز سے شکست دی تھی۔

پی ایس ایل فرنچائزز نے اپنی کٹس کی تقریب رونمائی مکمل کر لی ہے  (فوٹو: پی سی بی)

اس سے قبل پاکستان، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 1987 اور 1996 کے میچوں کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔ ورلڈکپ 1987 میں پاکستان نے سات مختلف مقامات پر دس میچوں کی میزبانی کی تھی۔
    
ورلڈ کپ 1996 میں پاکستان نے چھ مختلف مقامات پر 16 میچوں کی میزبانی کی تھی۔

پی ایس ایل سے قبل ٹیمیں بھرپور تیاری میں مصروف ہیں (فوٹو: پی سی بی)

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے جو ملک کے چار مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے نو میچز کراچی، 14 لاہور، آٹھ راولپنڈی اور تین ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ میچ نو بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔
کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 20 فروری کو شام 6:45 بجے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی جس میں 350 فنکار شریک ہوں گے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: