Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تم اس قوم کے مسیحا ہو‘

مشہور شخصیات نے عوام سے گھروں پر سفید جھنڈے لہرانے کی اپیل کی (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ 
ان پریشان کن حالات میں ڈاکٹرز اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد اپنی جان کا خطرے میں ڈال کر کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
اس وقت سب کی نظریں انسانیت کی خدمت پر مامور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف پر مرکوز ہیں جو اپنے گھر سے دور ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی جان بچانے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں۔
مشکل کی اس گھڑی میں جاں فشانی سے کام کرنے والے شعبہ صحت سے جڑے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک کی مشہور شخصیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں پر سفید پرچم لہرا کر ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
شوبز انڈسٹری کے دو مشہور اداکار عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی  جس میں انہوں نے ڈاکڑز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کاوشوں کو سراہا، انہیں سلیوٹ کیا اور 27 مارچ کو سفید پرچم لہرانے کی بھی اپیل کی تھی۔
پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم  نے بھی  یوٹیوب پر ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیغام دیا اور ڈاکٹرز کو سپاہی قرار دیا۔عاطف اسلم  نے مزید کہا کہ ’ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کو اگر میری آواز میں کوئی بھی گانا سننا ہو تو مجھے ای میل کریں۔ یہ پہلی بار ہے کہ بارڈر سے باہر سپاہیوں کو دیکھا۔‘
ٹوئٹر صارف محمد احمد نے سفید کاغذ سے جھنڈے تیار کرتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سب اپنے اپنے گھروں میں سفید چھنڈے تیار کریں اور ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم  اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ جمعہ کے دن چھ بجے آپ تمام لوگ اپنے گھروں کی چھت پر سفید جھنڈا لہرا کر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو ان کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کریں، وسیم اکرم نے مزید کہا کہ تم اس قوم کے مسیحا ہو، ہمیں تم سے پیار ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کیا (فوٹو:سوشل میڈیا)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہر عباس نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں نے سفید پرچم اپنے گھروں کی بالکونی سے لہرا دیے ہیں۔

 

گلوکار جواد احمد نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گانا شیئر کیا جس کے بول ہیں۔
'کامیاب رہو ہر قدم ، قوم کی عزت ہو تم
تم مسیحا ہو اس قوم کے ہمیں تم سے پیار ہے'
اس کے بعد انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو پوری قوم کی جانب سے سیلوٹ بھی کیا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں