Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کے سیلون میں ہر ایک کی ’حجامت‘

وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بند ہونے والے کاروبار میں ہیئر سیلون بھی شامل ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنی ایک ٹویٹ کے جواب میں صارفین کو سیلفیز بھیجنے کا کہا تو سوال و جواب کا سلسلہ ورچوئل ہیئر سیلون میں بدل گیا جہاں گفتگو میں شریک ہونے والوں کی فوری حجامت کی جاتی رہی۔
کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن اور اس کے اثرات پر گفتگو یوں تو ایک ماہ سے جاری ہے جس میں ذاتی دلچسپیوں سے لے کر اجتماعی مسائل تک زیربحث آتے ہیں تاہم ٹوئٹر کا ورچوئل سیلون اس لحاظ سے دلچسپ رہا کہ یہاں صارفین کی فوٹو شاپ حجامت کی جاتی رہی۔
چند گھنٹوں میں لاکھوں کمنٹس، لائکس اور ریپلائی حاصل کرنے والی ٹویٹ پر صارفین نے اپنی سیلفیاں بھیجیں تو ٹوئٹر کے آفیشل ہینڈل نے نہایت پھرتی سے ان کے بال، داڑھی حتیٰ کہ میک اپ تک کر ڈالا۔
سری نگر سے تعلق رکھنے والے ایک معالج ڈاکٹر شاہنواز نے اپنی تصویر بھیجی جس میں چہرے پر فیس ماسک پہننے سے نشانات نمایاں ہیں۔ ٹوئٹر نے جواب میں ان کے بالوں سے خالی سر پر ایڈیٹنگ کے ذریعے بال سجا ڈالے۔

یوسف احمد نامی صارف نے اپنی تصویر کے ساتھ ڈاڑھی بنانے کی فرمائش کی تو ٹوئٹر کے ورچوئل سیلون نے آؤ دیکھا نہ تاؤ جھٹ سے ان کا کام کر دیا، یہ الگ بات ہے کہ ایسا کرتے ہوئے صارف کے مردانہ چہرے کو بے بی فیس میں بدل ڈالا۔

چونکہ یہ ورچوئل حجامت تھی جس سے اصل شکل کے بدلنے کا کوئی ڈر نہیں تھا اس لیے صارفین اور ٹوئٹر نے چہرے سنوارنے کے ساتھ ساتھ چہرے بگاڑنے پر بھی بھرپور توجہ دی۔
لیمر ولسن نامی کامیڈین نے اپنی سیلفی میں پہلے ہی مصنوعی بال شامل کر کے ٹوئٹر کو تصویر بھیجی، جواب میں ان کے سر پر فلوٹنگ ٹول نصب کر دیے گئے، ساتھ ہی ٹوئٹر نے انہیں تاکید کی کہ بالوں کو پانی کی  سطح سے اوپر رکھنے کے لیے فلوٹنگ ڈیوائسز لازم ہیں۔

بینز آفٹر ڈارک کے ہینڈل سے ٹوئٹر کو ہئرسٹائلنگ کی درخواست بمعہ تصویر موصول ہوئی تو اس بار وہ ہوا جس کی توقع شاید صارف کو بھی نہیں تھی۔ ٹوئٹر نے ان کے چہرے کو آلو میں بدل کر سر پر لوبیا سجا ڈالا۔

خود کو ریئل بھٹ کہنے والے ایک ہینڈل نے اپنی تصویر کے بجائے بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی سیلفی ٹوئٹر کو بھیجتے ہوئے لکھا ’کیا خیال ہے؟‘ جواب میں ٹوئٹر نے ’کچھ قدرتی چاہیے‘ لکھا اور ساتھ ہی تبدیل شدہ تصویر بھی شیئر کر ڈالی۔

چیلسیا فٹبال کلب بھی ہیئرسٹائلنگ کی دعوت قبول کرنے والوں میں شامل رہا۔ کلب نے اپنے مالک یا انتظامیہ کے بجائے ایک کھلاڑی کو تختہ مشق بنانے کے لیے پیش کیا تو جواب میں ٹوئٹر نے رنگ برنگے بال سجاتے ہوئے لکھا ’بال ایک کے بجائے زیادہ کلبز سے وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔‘

ورچوئل ہیئرسٹائلنگ سے مستفید ہونے والے سبھی مشق ستم کا نشانہ نہیں بنے بلکہ کچھ ایسے خوش قسمت بھی تھے جو محفوظ رہے۔
رمضان کنبرٹ نامی ایک صارف نے ’تبدیل‘ ہونا چاہا تو ٹوئٹر نے ان پر اپنی مہارت آزمانے سے بچتے ہوئے جواب میں لکھا کہ ’نہیں، آپ اچھے ہیں۔‘

مختلف کاروباری اداروں سے وابستہ سوشل میڈیا ہینڈلز وقتا فوقتا صارفین سے اپنا تعلق بہتر بنانے کی امید کے ساتھ سنجیدہ اپ ڈیٹس میں مزاح کا رنگ شامل کرتے رہتے ہیں، تاہم ٹوئٹر کا حالیہ ورچوئل ہیئر سٹائلنگ سیلون اس لحاظ سے منفرد رہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بیشتر افراد حجاموں تک رسائی سے محروم ہونے کی وجہ سے اس کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: