Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ایسٹر کی طرح رمضان میں بھی سماجی فاصلہ قائم رکھا جائے'

ایسٹر کے موقعے پر پابندی کے باوجود لوگ چرچوں میں جمع ہوئے تھے (فوٹو اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ رمضان میں مسلمان بھی اسی طرح سے سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے اصول کی پابندی کریں گے، جیسے کہ ایسٹر کے موقعے پر مسیحوں نے کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کے حوالے سے پریس بریفنگ میں کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ مساجد کے امام لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کریں گے۔
ایسٹر کے موقعے پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے دو پادریوں کی گرفتاری کے حوالے سے جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا مسلمان امام کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا جائے گا؟ 
اس پر ٹرمپ کا کہنا تھا مسلمانوں کے ساتھ رویے میں فرق ممکن ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کے حوالے سے کہا کہ وہ مساجد کے بجائے چرچوں کا پیچھا کرتے ہیں۔
امریکی ریاست فلوریڈا اور لوئی زیانا کے دو بڑے چرچوں کے پادریوں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ایسٹر کے دوران اکثر شہریوں نے لاک ڈاؤن کے قواعد پر پابندی سے انکار کرتے ہوئے چرچ کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ 
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مسیحی عقیدے پر یقین رکھنے والوں کے ساتھ مختلف سلوک رکھا جاتا ہے، جو انتہائی غیر منصفانہ ہے۔

امریکی اسلامک سوسائٹی مساجد میں نماز ادا کرنے سے روکتی رہی ہے (فوٹو اے ایف پی)

ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ ان کے خیال میں مساجد کے امام سماجی فاصلہ رکھنے کے اصول کی پابندی سے انکار کریں گے؟ جس پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ہرگز ایسا نہیں سمجھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'میں خود مذہب پر یقین رکھتا ہوں، اور اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کون کس عقیدے کا پابند ہے، لیکن ہمارے سیاستدان ہر عقیدے کی طرف مختلف رویہ رکھتے ہیں۔‘
امریکہ کی اسلامک سوسائٹی اور مسلمان میڈیکل ماہرین اپنی کمیونٹی کے افراد کو وائرس کے حوالے سے احتیاط برتنے کی تنبیہ کرتے رہے ہیں اور پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اجتماع اور گروپ میں نماز پڑنے سے روکتے رہے ہیں۔
دیگر ممالک کی نسبت امریکہ میں کورونا کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اب تک سات لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 38 ہزار 644 ہلاک ہوچکے ہیں۔

شیئر: