Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور روس کے درمیان کورونا کی نئی دوا پر بات چیت

دنیا کی متعدد بڑی کمپنیاں کورونا کی ویکسین بنانے کی کوشش کر رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
روس نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے ایک نئی دوا 'ایوی فویر' تیار کی ہے جس کا تجربہ بہت جلد سعودی ماہرین صحت کی شراکت سے شروع ہو سکتا ہے۔
یہ دوا روس کے خود مختار ادارے 'رشین ڈائریکٹ انوسٹمنٹ فنڈ' (آر ڈی آئی ایف) نے تیار کرائی ہے۔ یہ ادارہ پہلے بھی سعودی عرب کے ساتھ متعدد سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام کر چکا ہے۔ ادارے کی طرف سے پیر کو ماسکو میں ایک ورچول پریس کانفرنس کے ذریعے یہ نئی دوا متعارف کروائی جائے گی۔
آر ڈی آئی ایف نے کہا ہے کہ کلینکل ٹرائلز کے دوران اس دوا نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں اعلیٰ افادیت دکھائی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آر ڈی آئی ایف نے مزید کہا ہے کہ اس دوا کے لیے روسی وزارت صحت سے رجسٹریشن کا سرٹیفیکٹ حاصل کیا گیا ہے۔
آر ڈی آئی ایف کے چیف ایگزیکٹو کیریل دیمیتریف نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ وہ سعودی عرب میں ایوی فویر کی ممکنہ فراہمی کے لیے سعودی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ 'ہم نے روس میں اس دوا کے کلنیکل ٹرائلز کے مثبت نتائج ان کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 'ہمارے شراکت داروں نے سعودی عرب میں ایوی فویر کے کلینکل ٹرائلز میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔'
ایوی فویر کورونا وائرس کے علاج کے لیے تیار ہونے والی روس کی پہلی اینٹی وائرل دوا ہے جو کلینکل ٹرائلز میں مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
آر ڈی آئی ایف کا مزید کہنا ہے کہ اس دوا کا اچھی طرح سے مطالعہ کیا گیا ہے۔ یہ دوا 2014 سے جاپان میں شدید انفلیوئنزا کے مریضوں کے علاج کے لیے بھی استعمال ہو رہی ہے۔

روسی حکام کے مطابق یہ دوا کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے موثر ثابت ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

آر ڈی آئی ایف کے ایگزیکٹو چیف کیریل دیمیتریف نے مزید کہا کہ کہ ایوی فویر نہ صرف روس میں رجسٹر ہونے والی کورونا وائرس کی پہلی دوا ہے بلکہ یہ دنیا میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے سب سے مؤثر دوا ہے۔
اس وقت دوا کی پیداوار کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں۔
اس دوا کے فرسٹ ماسکو سٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی اور لمنوسوف ماسکو سٹیٹ یونیورسٹی سمیت کئی دیگر اداروں میں کلینکل ٹرائلز مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔
روسی وزارت صحت کی منظوری سے تین سو 30 مریضوں پر اس دوا کی آزمائش کا آخری مرحلہ جاری ہے۔

روس میں کورونا کیسز چار لاکھ سے زیادہ

اتوار کو روس میں کورونا وائرس کے نو ہزار دو سو 68 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں یوں ملک میں کل کورونا کیسز کی تعداد چار لاکھ پانچ ہزار آٹھ سو 43 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 138 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہزار چھ سو 93 ہے۔

روس میں کورونا وائرس کے کیسز چار لاکھ آٹھ ہزار سے بڑھ گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 70 ہزار دو سو 47 ہے۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ ہے۔
دنیا میں اس موذی مرض سے اموات بھی سب سے زیادہ امریکہ میں ہوئی ہیں، اموات کی تعداد ایک لاکھ تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز برازیل میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد چار لاکھ 98 ہزار، روس میں چار لاکھ پانچ ہزار، برطانیہ میں دو لاکھ 74 ہزار، سپین میں دو لاکھ 39 ہزار اور اٹلی میں دو لاکھ 32 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
فرانس میں ایک لاکھ 88 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 83 ہزار، انڈیا ایک لاکھ 82 ہزار، ترکی ایک لاکھ 63ہزار، پیرو ایک لاکھ 55 ہزار اور ایران میں ایک لاکھ 48 ہزار کیسز سامنے آئے۔
چین جہاں سے کورونا وائرس سامنے آیا تھا، وہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 84 ہزار اور ایک سو 28 ہے۔

شیئر: