Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی سے چھ لاکھ ریال چوری کرنے والا گروہ گرفتار

ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔(فوٹو عاجل)
 مکہ پولیس کے ترجمان محمد الغامدی نے بتایا ہے کہ جدہ میں بینک کے سامنے گاڑی سے 5 لاکھ  99 ہزار ریال چوری کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الغامدی نے بتایا کہ گروہ تین سعودی شہریوں اور ایک یمنی پر مشتمل تھا۔ چاروں عمر کے تیسرے اور چوتھے عشرے میں ہیں۔
ترجمان کے مطابق یمنی نے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔ اسے تعاقب کرکے جازان ریجن میں گرفتار کرلیا گیا۔
یمنی شہری اور تینوں سعودی ایک گاڑی کی تاک میں تھے جیسے ہی وہ جدہ کے ایک بینک کے سامنے ٹھہری چاروں نے شیشے توڑ کر گاڑی میں موجود رقم قبضے میں کرلی۔
چاروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔
الغامدی نے تمام سعودی شہریوں او ر مقیم غیرملکیوں سے کہاکہ پیشہ ور چور بینکوں کے اطراف سائے کی طرح گھومتے رہتے ہیں جوں ہی انہیں اپنے سابقہ تجربات کی بنیاد پر یہ پتہ چلتاہے کہ کسی کھاتے دار کی گاڑی میں بھاری رقم ہوگی  وہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق واردات کرکے رقم چوری کرلیتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سب لوگ ہوشیار رہیں اور بھاری رقم اس طرح گاڑی میں رکھ کر ادھر ادھر نہ جائیں۔ بینک سے رقم نکلواتے وقت اس بات کا دھیان رکھیں کہ کوئی ان کا تعاقب تو نہیں کررہاہے۔

شیئر: