Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'کورونا وائرس کی وبا سے انڈیا کو صرف خدا ہی بچا سکتا ہے'

انڈیا میں کورونا کیسز کی تعداد تقریباً 9 لاکھ 70 ہزار ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وبا کی صورت حال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے اور چیزیں وقت کے ساتھ بے قابو ہوتی جا رہی ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جنوبی ریاست کرناٹک کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ 'صرف خدا ہی ہمیں بچا سکتا ہے۔'
انڈیا کی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور پہلی بار ایک دن میں 30 ہزار سے زیادہ کووڈ 19 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
 اس طرح انڈیا میں مجموعی کیسز کی تعداد تقریباً نو لاکھ 70 ہزار ہو گئی ہے۔
وزرات صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 600 سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں جس کے سبب مرنے والوں کی مجموعی تعداد تقریباً 25 ہزار ہو گئی ہے جس میں سے 10 ہزار سے زیادہ صرف ریاست مہاراشٹر میں اس وبائی بیماری کی نذر ہوئے ہیں۔
کرناٹک کے وزیر صحت بی سری رمولو جو کہ ریاست میں کووڈ کے خلاف ٹاسک فورس کی بھی قیادت کر رہے ہیں نے گذشتہ روز کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے مایوسی کے عالم میں کہا کہ 'اس کا روکنا کسی کے ہاتھ میں نہیں ہے' اور یہ کہ 'صرف خدا ہی ہمیں بچا سکتا ہے۔'
دی نیوز منٹ کے مطابق کرناٹک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور ریاست کے دارالحکومت بینگلور میں پانچ ہزار 598 کنٹینمنٹ زون ہیں جبکہ وہاں ایک ہی دن میں دو ہزار سے زیادہ کنٹینمنٹ زون سامنے آئے ہیں۔
مہاراشٹر میں مستقل بارش سے دارالحکومت ممبئی کی حالت بد سے بدتر ہو چکی ہے اور اس پر کورونا کے کیسز کی تعداد میں کوئی کمی نظر نہیں آ رہی ہے۔

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 600 سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی

 گذشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً آٹھ ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک مہاراشٹر میں کورونا کے پونے تین لاکھ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ ممبئی میں یہ تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے والی ہے۔
مہاراشٹر میں سب سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک دس ہزار 928 افراد کووڈ 19 کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
تاہم انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست میں پہلی بار کورونا سے مرنے والوں کی شرح چار فیصد سے کم ہوئی ہے۔
لیکن خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کی درخواست پر جو ڈاکٹرز جنوبی ریاست کیرالہ سے ممبئی آئے تھے وہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بروقت تنخواہ نہ ملنے پر واپس اپنی ریاست کو جا رہے ہیں۔

انڈیا کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ذرائع کے مطابق 40 ڈاکٹر آئے تھے جن میں سے 15 تو پہلے ہی جا چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ جمعرات کو روانہ ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے)نے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے لیے 'ریڈ الرٹ' جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے کام کے دوران مزید احتیاط برتیں۔
ان کے مطابق کووڈ 19 سے اب تک ملک بھر میں 99 ڈاکٹرز ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ طبی عملے کے دوسرے ارکان کے اعداد و شمار نہیں بتائے گئے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق مرنے والوں میں 73 افراد کی عمر 50 سے زیادہ تھی جبکہ 19 افراد 35 سے 50 کے درمیان کی عمر والے تھے جبکہ باقی سات 35 سال سے کم عمر کے تھے۔

تنخواہیں نہ ملنے پر کئی ڈاکٹرز ممبئی سے واپس کیرالہ چلے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر سے لاک ڈاؤن کی واپس ہو رہی ہے۔ اترپردیش نے ویک اینڈز پر مکمل لاک ڈاؤن کو فی الحال مستقل بنا دیا ہے جبکہ شمال مشرقی ریاست بہار نے 16 جولائی سے 31 جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے

شیئر: