Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’حج درخواست گزار جلد اپنے واجبات بینکوں سے نکلوا لیں‘

28 جولائی تک واجبات کی واپسی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کی وزارت برائے مذہبی امور نے ایک مرتبہ پھر حج درخواست گزاروں کو واجبات واپس لینے کی ہدایات کر دی ہیں۔
ترجمان مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج درخواست گزار جلد سے جلد اپنے واجبات بینکوں سے واپس نکلوا لیں۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام نامزد بینکوں کو 28 جولائی تک رقوم کی واپسی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ وزارت مذہبی امور نے بینکوں میں پیسے رکھنے یا نیا اکاؤنٹ کھلوانے کی کوئی ہدایت جاری نہیں کیں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ تمام نامزد بینک بغیر کسی کٹوتی کے تمام واجبات ادا کرنے کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت تمام عازمینِ حج کو رقوم کی باسہولت واپسی کیے بینکوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
وزارت مذہبی امور نے حج واجبات کی واپسی کا سلسلہ 2 جولائی سے ملک بھر کے نامزد بینکوں سے شروع کر دیا تھا۔ تمام درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم اس اطلاع کی فراہمی شروع کر دی گئی تھی۔

کورونا کے باعث سعودی حکومت نے محدود حج کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

اس سے قبل وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ واجبات کی نقد واپسی کے لیے درخواست گزار کا بینک آنا ضروری ہے۔ 
ترجمان نے کہا تھا کہ بتایا واجبات بذریعہ بینک چیک لینے کے لیے صرف گروپ لیڈر کو تمام افراد کی اصل دستاویز کے ہمراہ بینک آنا ہو گا۔
’متعلقہ بینک برانچ کی بندش کی صورت میں دوسری نامزد کردہ برانچ سے رقوم کی ادائیگی ممکن ہو گی۔ رقوم کی واپسی میں مشکل کی صورت میں وزارت کے اکاؤنٹس افسر ریفنڈ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔‘
واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج سے متعلق اعلان کیا تھا  کہ رواں سال حج میں سعودی عرب میں موجود مختلف ملکوں کے عازمین کو نہایت محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی محدود حج سے متعلق سعودی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا تھا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: