Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مائیک ٹائسن کی پندرہ برس بعد واپسی

مائیک ٹائسن 1987 سے 1990 تک عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن رہے (فوٹو: اے ایف پی)
باکسنگ کے سابق امریکی عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائسن رِنگ میں واپسی کے بعد رواں برس 12 ستمبر کو ایکشن میں نظر آئیں گے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق 54 برس کے مائیک ٹائسن فور ڈویژن عالمی چیمپئن 51 سالہ روئے جونز جونیئر کے خلاف آٹھ راؤنڈ پر مشتمل نمائشی مقابلے میں مدِمقابل ہوں گے۔
یہ مقابلہ امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے ڈگنٹی ہیلتھ سپورٹس پارک کارسن میں 12 ستمبر کو ہوگا۔   
سکائی نیوز کے مطابق مائیک ٹائی سن 15 برس بعد باکسنک کے کسی مقابلے میں حصہ لیں گے۔ اس سے قبل وہ 2005 میں آخری مرتبہ کسی مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے نظر آئے تھے۔
مائیک ٹائسن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ 'میں جم جا کر اپنے جسم کو مضبوط بنانا چاہتا ہوں تاکہ کسی چیرٹی میچ کے لیے تین چار راؤنڈز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو جاؤں۔'
دوسری جانب اس مجوزہ میچ کے لیے ان کے حریف روئے جونز جونیئر نے ٹویٹ کی کہ 'میں خوش ہوں کہ میرے اور ٹائی سن کے درمیان مقابلہ ہونے جا رہا ہے، میں ہمیشہ سے تیار تھا اور اس مرتبہ اس مقابلے کے لیے بھی تیار ہوں۔'
سکائی نیوز کے مطابق اس میچ میں ریفری کو یہ اختیار ہوگا کہ اگر فائٹ باکسنگ رنگ کی باؤنڈریز سے باہر چلی جائے تو وہ اسے رکوا دیں۔
سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائسن ان دنوں اس مقابلے کے لیے بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں اور اس میچ کی ٹریننگ کے حوالے سے وہ گذشتہ کچھ عرصے سے اپنی ویڈیو کلپس بھی شیئر کر رہے ہیں۔

مائیک ٹائسن اور روئے جونز جونیئر کے درمیان مقابلہ 12 ستمبر کو ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)

جونز جونیئر نے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میرا دوبارہ رنگ میں جانے اور مقابلہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم میں ایسا کرنے کے لیے صرف ٹائی سن کے کہنے پر آمادہ ہوا ہوں۔'
'یہ ایک ایسا موقع ہے جس پر میں انکار نہیں کر سکا ان لوگوں کے لیے جو مجھے ٹائسن کے ساتھ مقابلے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔؛
انہوں نے کہا کہ 'ٹائسن نے میرا انتخاب کیا تو میں کیسے منع کر سکتا تھا؟'
مائیک ٹائسن امریکہ کے سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن ہیں جو 1985 سے 2005 تک رنگ میں رہے۔
وہ 1987 سے 1990 تک عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن رہے اور وہ پہلے ہیوی ویٹ باکسر تھے جن کے پاس بیک وقت ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو بی اے)، ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) اور انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن (آئی بی ایف) کے ٹائٹلز تھے۔

روئے جونز جونیئر کا کہنا ہے کہ وہ ٹائسن سے مقابلے کے لیے تیار ہیں (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 58 مقابلوں میں حصہ لیا، 50 میں فتح حاصل کی جن میں سے 6 میچوں میں اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔
ٹائی سن کو اپنے کیریئر کے دوران 6 مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دو میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

شیئر: