Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سات ستمبر کو سکول کھولنے کا فیصلہ ہوگا‘

وزارت صحت سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز پر کام کر رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اگر حالات بہتر رہے تو 15 ستمبر سے سکولز کھول دیے جائیں گے۔
جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ 7 ستمبر کو صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوگا جس میں 15 ستمبر سے سکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ ہو گا۔
’جس طرح کے حالات چل رہے ہیں اس سے امید ہے کہ سکول کھولنے کا فیصلہ ہو جائے گا۔‘
وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ وزارت صحت سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز پر کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے بتایا کہ پانچویں جماعت تک کا نصاب بن گیا ہے۔ ماڈل ٹیکسٹ بُک پر کام ہو رہا ہے۔
’اپریل 2021 سے پاکستان کے تمام سکولوں میں ایک ہی نصاب پڑھایا جائے گا۔‘
شفقت محمود نے کہا کہ سکولوں کے حوالے سے جتنے بھی اقدامات ہوئے ہیں ان سے قبل صوبوں کے ساتھ باقاعدہ مشاورت کی گئی تھی اور کوئی بھی فیصلہ مشاورت کے بغیر نہیں کیا گیا۔
ان کے بقول 40 لاکھ بچوں کو کورونا کی وجہ سے سکولوں کی بندش کے دوران پروموٹ کیا گیا۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بندش کے دوران 7 اپریل سے ٹیلی سکول کا آغاز کیا اور آج بھی اس کی کلاسز چل رہی ہیں۔
’گیلپ سروے کے مطابق 70 سے 80 لاکھ بچے روزانہ اس سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔'
انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کے لیے آن لائن کلاسز شروع کی گئیں تاہم دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مسائل سامنے آئے۔
’اب اس حوالے سے کام ہو رہا ہے کہ پورے ملک میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہو۔‘

شیئر: