Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلدیہ کی صفائی مہم، سینکڑوں متروکہ گاڑیاں اٹھا لی گئیں

متروکہ گاڑیوں کی وجہ سے علاقے کا منظر خراب ہوتاہے (فوٹو، سبق)
بلدیہ جدہ کی جاانب شہر کی صفائی مہم کے دوران مختلف علاقوں سے 1898 تلف شدہ گاڑیوں کے ڈھانچے اٹھائے گئے جن کی وجہ سے علاقوں کا منظر خراب دکھائی دیتا تھا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق بلدیہ کے سیکریٹری محمد ابراہیم الزھرانی کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے گذشتہ ماہ اگست کے دوران صفائی مہم کے تحت  شہر کے مختلف علاقوں میں ایک ہزار 8 سو 98 گاڑیوں کے ڈھانچے اٹھا کر انہیں بلدیہ کے مخصوص یارڈ میں پہنچایا گیا۔
تلف شدہ گاڑیاں اٹھانے کا مقصد علاقے کے منظر کو بہتر کرنا ہے۔ گاڑیوں کے ڈھانچوں اور اطراف میں کچرا جمع ہوتا ہے جس سے علاقے کی صفائی بھی مشکل ہوتی ہے۔

متروکہ گاڑیوں کو اٹھانے سے قبل انتباہی نوٹس جاری کیاجاتاہے(فوٹو، سبق نیوز)

واضح رہے بلدیہ میں ادارہ ماحولیات کی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد رپورٹ تیار کرتی ہیں جس کے تحت تقریبا ہر ماہ بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز کیا جاتا ہے۔
کمیٹی کی جانب سے مرتب کی جانے والی رپورٹ میں ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مختلف امور کو اولیت دی جاتی ہے جن میں محلوں میں موجود پارکوں اور سبزے والے مقامات کی صفائی اور درختوں کی تزئین و آرائش اہم ہوتی ہے۔
ماحولیاتی کمیٹی کے اہلکار محلوں میں کھڑی متروکہ گاڑیوں کی نشاندہی کرنے کے بعد ان پر مخصوص اسٹیکر چسپاں کردیتےہیں جس میں گاڑی اٹھائے جانے کی تاریخ درج ہوتی ہے ۔
مقررہ تاریخ تک اگر گاڑی کا مالک اسے وہاں سے نہیں لے جاتا یا اسے صاف نہیں کرتا تو بلدیہ کی مخصوص ٹیمیں متروکہ گاڑی اٹھا کر لے جاتی ہیں جنہیں بلدیہ کے یارڈ میں جمع کردیاجاتاہے۔
متروکہ گاڑیاں اٹھاکرانہیں یارڈ میں جمع کرنے کا مقصد علاقے کے صاف کرناہوتا ہے علاوہ ازیں بلدیہ کے یارڈ میں جو گاڑیاں جمع کی جاتی ہیں ان کے پارٹس بھی ارزاں داموں فروخت کیے جاتے ہیں۔

شیئر: