Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب 25لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر‘

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
 سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق راجہ اعجاز نے کہا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان سٹریٹیجک اتحادی ہیں اور مشکل وقتوں میں کندھے سے کندھا ملا کر ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ عالمی نکتہ نظر پر مبنی ہیں۔‘
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی عوام، سعودی قیادت اور عوام کےلیے عزت و احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ ان تعلقات کی گہرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سینکڑوں میل کا فاصلہ ہونے کے باوجود دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان گہرا جذباتی تعلق ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب 25 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور وہ  مملکت اور اس کے عوام کی جانب سے اپنی میزبانی کو ستائشی جذبے سے دیکھتے ہیں۔‘
سفیر پاکستان نے کورونا کی وبا سے پیشہ ورانہ انداز میں نمٹنے پر سعودی عرب کی ستائش کی  اور کہا کہ ’خصوصاً خادم حرمین شریفین کی جانب سے تارکین وطن، جن میں پاکستانی شامل ہیں، کے کورونا سے مفت علاج کے شاہی فرمان پر ممنونیت کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں۔‘
سفیر پاکستان نے کہا کہ’ سعودی عرب نے  برسہا برس کی محنتوں سے عالمی امور میں اہم مقام پیدا کیا ہے۔ اسے تحسین کی نظروں سے دیکھا جارہا ہے۔ پاکستان سعودی وژن میں مملکت کا سرگرم شریک بنے گا۔ یہ وژن تیز رفتار تبدیلی اور ترقی کا روڈ میپ ہے۔ وژن کے مطلوبہ اہداف کی تکمیل سے تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔‘
دریں اثنا قونصل جنرل خالد مجید نے بھی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پرشاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔

شیئر: