Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مفرور ملزمان‘ کی تقریر نشر کرنے پر پابندی

پیمرا کے مطابق ٹی وی چینلز قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مفرور اور اشتہاری ملزمان کی تقریر یا انٹرویو نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
جمعرات کو پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کو ٹی وی چینلز کے خلاف ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ کئی ٹی وی چینلز نے ’ایک مفرور اور اشتہاری شخص‘ کی تقاریر نشر کی ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینلز متعلقہ قوانین اور عدالتی احکامات کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پیمرا کو موصول ہونے والی شکایت کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ عدالتوں کے وضح کیے گئے قانون کے مطابق ٹی وی چینلز قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
پیمرا کے مطابق  27 مئی 2019 کو مجرموں کے حوالے سے منظور کیے گئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
پیمرا نے کہا ہے کہ  تمام میڈیا ہاؤسز پر فرض ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے میں مفرور مجرموں کے حوالے سے وضح کی گئی ہدایات پر عمل کریں۔
پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں سپریم کورٹ کے 2019 کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں میڈیا ہاؤسز کو شائع کیے جانے والے مواد کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کا کہا ہے۔
پیمرا نے کہا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر میڈیا ہاؤس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا یا پھر لائسنس معطل یا منسوخ کر دیا جائے گا۔
حالیہ دنوں میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لندن سے تقریر کی تھی جس میں انہوں نے حکومت اور دیگر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ نواز شریف کی تقاریر کو متعدد ٹی وی چینلز نے لائیو نشر کیا تھا۔ 
یاد رہے کہ 15 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ سٹیل ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
اس سے قبل 9 ستمبر کو راولپنڈی کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔

شیئر: