Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شجر کاری مہم، ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے

شجرکاری مہم 10 اکتوبر سے 30 اپریل 2021 تک جاری رہے گی (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں سنیچر کو شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ مملکت بھر میں ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔
وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے’ آئیے ملک کو سرسبز بنائیں‘ کے عنوان سے مہم شروع کی ہے۔ یہ مہم 10 اکتوبر سے 30 اپریل 2021 تک جاری رہے گی۔ 
آئندہ سات ماہ کے دوران جنگلات کی کٹائی سے نمٹنے کے لیے 156 مقامات پر درخت لگائے جائیں گے۔

شجرکاری مہم  وژن 2030 کے تحت شروع کی جارہی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

اس مہم کا آغاز سعودی عرب کی مختلف وزارتوں کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ وزارتوں اور محکموں نے شجر کاری کو فروغ دینے کے لیے درختوں کی ایموجیز کے ساتھ ٹویٹس کی ہیں۔ مملکت کی پائیدار ترقی کے لیے اس مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
وزارت ماحولیات کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد قدرتی پودوں کو تیار کرنے کے ساتھ قدرتی ماحول میں حیاتیاتی تنوع کو بحال کرنا بھی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب مختلف آفات اور درختوں کی کٹائی کے باعث ہر سال ایک لاکھ بیس ہزار ہیکڑ پر لگے درخت کھو رہا ہے۔
اس مہم کا مقصد ماحول کے تحفظ کے لیے مثبت طرز عمل کو فروغ دینا ہے۔
وزارت ماحولیات کا کہنا ہے کہ اس مہم کا بڑا مقصد متعدد علاقوں میں بیج پھیلانا، نجران اور الباحہ ریجن میں جنگلات لگانا ہے۔ شہری علاقوں کے پھیلاؤ کے باعث ہونے والے نقصانات سے بچاؤ کے لیے بھی شجر کاری کی جائے گی۔
شجرکاری مہم سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت شروع کی جارہی ہے۔اس کا مقصد مملکت بھر میں بنجر کے خاتمے اور سبزے و ہریالی کے ذریعے ماحولیاتی استحکام حاصل کرنا ہے۔

شیئر: