Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا نے زمبابوے ٹیم کے کوچ کو پاکستان آنے سے روک دیا

لال چند کی غیر موجودگی میں بولنگ کوچ ڈوگلس ہونڈو زمبابوے کی ٹیم کی نگرانی کریں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم ایک روزہ اور ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچی ہے لیکن ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت ساتھ نہیں آئے کیونکہ انڈین حکومت نے انہیں پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان نے لال چند کو ویزہ جاری کر دیا تھا لیکن وہ انڈین حکومت کی ہدایت پر پاکستان نہیں آئے۔

 

زمبابوے کرکٹ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’زمبابوے ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت پاکستان کے دورے پر نہیں جا سکیں گے کیونکہ ہرارے میں انڈین ایمبیسی نے ہمیں لکھا ہے کہ لال چند انڈیا کے شہری ہیں اور انہیں پاکستان جانے سے استثنیٰ دیا جائے۔
لال چند کی غیر موجودگی میں بولنگ کوچ ڈوگلس ہونڈو زمبابوے کی ٹیم کی نگرانی کریں گے۔
لال چند نے کوچنگ کی جانب آنے سے قبل انڈیا کی جانب سے بطور کھلاڑی اپنے مختصر کیریئر میں دو ٹیسٹ اور چار ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔ ان کو اگست 2018 میں زمبابوے کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین انڈین کوچ کو پاکستان آنے سے روکنے کے فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ انڈیا کھیلوں میں بھی سیاست لانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ گزشتہ دس برس میں بہت کم ہوئی۔ سنہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد زمبابوے وہ پہلی ٹیم تھی جس نے ٹی ٹونٹی میچز کے لیے سنہ 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا۔

شیئر: