Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میڈ ان سعودیہ‘ مقامی کمپنیوں کے لیے پرکشش ممبرشپ سکیم

بہترین معیار اور مسابقتی قیمتیں عالمی منڈی میں کامیابی کی کلید ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی صنعتی ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور سعودی عرب کو ’ایک عالمی صنعتی منزل‘ میں تبدیل کرنے کے لیے 2021 کی پہلی سہ ماہی میں ’میڈ  ان سعودیہ‘ پروگرام شروع کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق اس پروگرام کے  تحت سعودی عرب  مقامی، علاقائی اورعالمی مارکیٹ میں سعودی مصنوعات  کو عالمی برانڈ کے مطابق  تیار کرے گا۔

قانونی فریم ورک مؤثر طریقے سےعالمی مارکیٹ  کے راستے کھولے گا۔(فوٹو عرب نیوز)

ایکسپورٹ  ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکریٹری جنرل صالح السلمی نے بتایا ہےکہ اس پروگرام سے سعودی مصنوعات اور خدمات کے شعبہ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ  ہم قومی صنعتی ترقی اور لاجسٹک پروگرام میں مستقبل کے لیے  طے شدہ اہداف  حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
’میڈ  ان سعودیہ‘ پروگرام مقامی کمپنیوں کے لئے پرکشش ممبرشپنگ سکیمیں مہیا کرے گا  جو اہلیت کے معیار پر پورا اترتی ہیں۔

سعودی مصنوعات  کو عالمی برانڈ کے مطابق  تیار کیا جائے گا۔(فوٹو سوشل میڈیا)

 مقامی کمپنیوں کو سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے مراعات کے ساتھ پروموشنل مواقع  فراہم کرتے ہوئے تیز تر ترسیلات کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
عالمی مارکیٹ میں  اہداف  حاصل کرنے کے لیے  مقامی کمپنیاں اپنی تیار کردہ مصنوعات پر ’میڈ ان سعودیہ‘ کا  مارکہ استعمال کریں گی۔
ریاض میں واقع اقتصادی علوم ہاؤس کے چیئرمین اور ماہر معاشیات  ڈاکٹرعبد العزیز داغستانی نے عرب نیوز کو بتایا کہ اس تناظر میں بہترین معیار اور مسابقتی قیمتیں کامیابی کی کلید ہیں۔

سعودی عرب عالمی  منڈی میں تیل برآمد کرنے والا اہم ترین ملک ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

انہوں نے واضح کیا کہ ’میڈ ان سعودیہ‘ پروگرام سعودی برآمدات کو اگلے درجے میں لے جانے میں مدد فراہم کرے گا۔
سعودی عرب عالمی معیشت کا  سرگرم رکن ہے اورعالمی  منڈی میں تیل برآمد کرنے والا اہم ترین ملک ہے جو تیل کی منڈی میں توازن قائم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
داغستانی نے کہا کہ  سعودی عرب  اب تیل اور اس سے متعلقہ مصنوعات کے علاوہ  دیگر سامان  کی برآمدات  بڑھانے کے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرکے  ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لئے کام کر رہا ہے۔
سعودی وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے تحت  اس پروگرم  کا مقصد 2030 تک تیل کے علاوہ دیگر مصنوعات کی  برآمدات کو 50  فیصد تک بڑھانا ہے۔
مارکیٹنگ کے ماہر ڈاکٹر حسن سومیلی نے عرب نیوز کو بتایا کہ  مملکت میں تیار کی جانیوالی  مصنوعات  اور  دیگرخدمات کا معیار  انٹرنیشنل مارکیٹ میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
ڈاکٹر سومیلی نے  مزید  کہا کہ مصنوعات کا  معیار اور  اس معیار کو برقرار رکھنے کے لئے ایک سخت قانونی فریم ورک مؤثر طریقے سے مصنوعات کے فروغ کے لئے عالمی مارکیٹ  کے لیے راستے کھولے گا۔
انہوں نے کہا "میڈ اِن سعودی" پروگرام کی کامیابی کا انحصار  نہ صرف حکام  بلکہ تاجروں اور برآمد کنندگان پر بھی ہے  جو  مصنوعات  کی تیاری اور مختلف خدمات کے معیار کو یقینی بنائیں  تا کہ  وہ بین الاقوامی توقعات پر پورا  اترسکیں۔
 

شیئر: