Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین، کولڈ اسٹوریج و دیگر تیاریاں مکمل

ویکسین کے حوالے سے لوگوں میں ملا جلا رد عمل پایا گیا(فوٹو، العربیہ ٹی وی)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے فائزر کمپنی کی کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری ملتے ہی ایئرپورٹ پرویکسین ذخیرہ کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ویب نیوز ’اخبار 24 ‘نے العربیہ ٹی وی پروگرام کے حوالے سے کہا ہے کہ شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پرویکسین کو سٹور کرنے کے لیے کولڈ سٹوریج کی صفائی سمیت دیگرانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں کولنگ سسٹم کے ماہرین نے سٹوریج کا جائزہ لینے کے بعد اسے مکمل طور پردرست قرار دیا ہے۔

کولڈ سٹوریج میں نئے اور مخصوص ریکس لگائے گئے ہیں۔ (فوٹو العربیہ)

سٹوریج میں مخصوص درجہ حرارت کے مستقل بنیادوں پر برقرار رہنے کو یقینی بناتے ہوئے احتیاطی پاورپلانٹ اور کولنگ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متبادل سٹسم فوری کام شروع کردے۔
سٹوریج سے ادویات کی منتقلی کے لیے بھی خصوصی ٹینک اور گاڑیوں کا بندوبست بھی کرلیا گیا ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے آپریشنل ڈائریکٹرھشام الجضعی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’فائزر کی ویکسین، جسے مملکت میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے، اس بارے میں اتھارٹی کی جانب سے تین طریقوں سے اطمینان کیا گیا ہے۔
ماہرین نے ان تمام رپورٹوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جو ویکسین کے تجرباتی مراحل پر مشتمل تھیں جن میں ویکسین کا تجربہ ایسے زیر علاج مریضوں پر کیا گیا تھا جن کی حالت خراب تھی۔ علاوہ ازیں حاصل کی جانے والی ویکسین کے معیار کو اتھارٹی کی جانب سے جانچا گیا ہے۔
آپریشنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وزارت صحت اور فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیموں کی جانب سے ان تمام انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ویکسین کے آتے ہی اسے درست طریقے سے سٹور کیا جائے۔
دوسری جانب پروگرام میں لوگوں نے ویکسین کے حوالے سے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا، تاہم بیشتر کا کہنا تھا کہ ویکسین سے زندگی دوبارہ معمول پر آ جائے گی۔

شیئر: