Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں فنونِ لطیفہ سے وابستہ مستحق افراد کے لیے منفرد سکیم

دستکاری، کاشی کاری و سوئی دھاگے کے دیگر فنون سے وابستہ افراد بھی اس سکیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سندھ حکومت کی جانب سے فنونِ لطیفہ سے وابستہ مستحق افراد کے لیے منفرد سکیم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں محکمہ ثقافت کے تحت ایک ہزار فنکاروں، ادیبوں اور مصوروں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔
محکمہ ثقافت سندھ کے سیکریٹری اکبر لغاری نے اس حوالے سے پروفارما جاری کیا ہے۔
وزارت ثقافت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں فنونِ لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2020 تک یہ فارم پُر کر کے محکمے میں جمع کروا دیں۔
ہیلتھ انشورنس پروگرام کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار آرٹسٹس کو ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ سیکریٹری کلچر اکبر لغاری کا کہنا ہے کہ ’اگر ایک ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں تو پھر قرعہ اندازی کی جائے گی۔‘
فراہم کردہ معلومات کے مطابق ہیلتھ انشورنس پروگرام میں گلوگار، سازندے، ادیب (افسانہ نویس، شاعر، ناول نگار، نقاد، سفرنامہ نویس، محقق) رقاص، مصور، خطاط و مجسمہ ساز رجسٹر ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ دستکاری، کاشی کاری و سوئی دھاگے کے دیگر فنون سے وابستہ افراد بھی اس سکیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کے ادیب، شاعر اور محققین کے لیے صاحب کتاب ہونے کی شرط ہے جبکہ پرفارمنگ آرٹسٹ کے لیے 10 سالہ تجربہ اور پرفارمنس پر ملے اعزازات درخواست کے ساتھ شامل کرنا ضروری ہوں گے۔
علاوہ ازیں، 50 ہزار سے زیادہ پرفارمنس فیس وصول کرنے والے فنکار اس پروگرام کا حصہ بننے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق ’صحت انشورنس کارڈ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد، یہ فارم پر کرکے، دیے گئے ایڈریس پر بذریعہ پوسٹ ارسال کردیں۔ فارم محکمہ ثقافت کے کسی دفتر سے بھی بہ آسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘

شیئر: