Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نئے سال کی آمد کا جشن گھروں پر منائیں‘، کئی ممالک میں ’نائٹ کرفیو‘

انڈیا میں پچھلے چند ماہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نئے سال کا آغاز ہونے جا رہا ہے لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر جاری کیے گئے ایس او پیز کی وجہ سے  لوگ 2021 کو خوش آمدید کہنے کے لیے بھرپور جشن نہیں منا سکیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 2020 میں کم سے کم 17لاکھ افراد کووڈ 19 کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اب اس وائرس کی نئی لہر کی وجہ سے ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
سڈنی سے لے کر روم تک، آتش بازی کے نظارے اور لائیو پرفارمنسز صرف آن لائن یا ٹیلی ویژن کی سکرین پر ہی دیکھی جا سکیں گی۔
بحرالکاہل کے جزائر کورونا کی وبا کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رہے لیکن اس کے باوجود سرحدی بندش، کرفیو اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے نئے سال کا جشن پہلے سے مختلف ہوگا۔
آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر سڈنی میں آتش بازی کا اہتمام تو کیا جائے گا لیکن اسے براہ راست دیکھنے والوں کی تعداد بہت حد تک کم ہو گی۔
روم کے عوام بھی قدیم سٹیڈیم سرکس مکسیمس میں بڑے پیمانے پر ہونے والی آتش بازی کا دلکش نظارہ آن لائن کر سکیں گے۔ 2 گھنٹے کی اس تقریب میں فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں سات جنوری تک لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ رات 10 بجے تک کرفیو لگایا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر سڈنی میں آتش بازی کا اہتمام تو کیا جائے گا لیکن اسے دیکھنے والوں کی تعداد بہت حد تک کم ہو گی (فوٹو:اے ایف پی)

فرانس سے برازیل تک رات گئے تک کرفیو اور لوگوں کے بڑی تعداد میں جمع ہونے پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ادھر انڈیا میں بھی دہلی، ممبئی اور چنائی سمیت کئی ریاستوں میں نئے سال کے موقع پر ’نائٹ کرفیو‘ اور بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
انڈین چینل کی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ کرفیو جمعرات کو رات 11 بجے سے جمعے کی شام 6 بجے تک لاگو رہے گا جبکہ اس دوران ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ 
انڈیا کے شہر دہلی میں نئے سال کا جشن منانے کے لیے کسی بھی قسم کے اجتماعات اور پروگرامز کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

فرانس سے برازیل تک رات گئے تک کرفیو اور لوگوں کے بڑی تعداد میں جمع ہونے پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کرفیو 31 دسبمر رات 11 بجے سے 1 جنوری شام 6 تک لاگو رہے گا، تاہم  ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں ہو گی۔‘
ملک میں کورونا وائرس کے 20 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ریاست نے صوبوں کو نئے سال کی تقریبات محدود رکھنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انڈیا میں نئے کیسز کی تعداد21 ہزار 8 سو 22 ہے جبکہ اب تک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 48 ہزار 7 سو 38 ہے۔

شیئر: