Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ایسی کھجور جس پر شاعروں نے قصیدے کہے

کھجور کو عرب میں تمر کہا جاتا ہے اس کی پیداوار کے حوالے سے سعودی عرب  دنیا بھر میں منفرد شناخت رکھتا ہے۔ یہاں کی کھجور مختلف ممالک کو تحفے کے طور پر برآمد بھی کی جاتی ہے۔
مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا میں کھجور کی پیداوار اور اس کے استعمال کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔
کھجور کی غذائیت اور طاقت بخش خصوصیات
سعودی عرب کی کھجور دنیا بھر میں غذائیت اور طاقت بخش خصوصیات کی وجہ سے پہچانی اور مانی جاتی ہے۔ یہاں درجنوں اقسام کی کھجوروں کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مصر اور خلیج فارس کے ساتھ سعودی عرب کھجوریں درآمد کرنے والے  بڑے ممالک ہیں۔  
عجوہ کھجور، سب سے نرالی اور اعلی

عجوہ دنیا بھر میں سب سے اعلیٰ  اور عمدہ کھجور سمجھی جاتی ہے۔ مدینہ منورہ اور اس کے مضافات میں سینکڑوں سال سے اس کھجور کے بہت سے باغات ہیں۔ جہاں پر  کھجور کی فصل تیار ہونے کے بعد نزدیکی شہروں کی مارکیٹوں میں فروخت کے لائی جاتی ہے۔
عنبرہ، مبروم، صفاوی و دیگر اقسام
عجوہ کھجور کے بعد چند  دیگر مشہور اقسام میں عنبرہ، مبروم، سویدا، صفاوی، خلاص، جبیلی، شقری، رشودیہ، خصاب، ربیعہ، صفری، غر، حلیہ، خضری، مسکانی، شلابی ، مکتومی ،روتانہ، ربیعہ اور خضری کے نام سے جانی جاتی ہیں۔ یہ تمام اقسام اپنی الگ  شناخت کے رکھتی ہیں۔  
کھجوروں کے مختلف نرخ  

کھجور مارکیٹ سے درجہ اول کی عجوہ 60 تا 80 ریال کلو جبکہ درجہ دوم 40 تا 60 ریال فی کلو میں مل جاتی ہے۔ عنبرہ فی کلو 40 تا 50 ریال جبکہ مبروم اور صفاوی اقسام عمومی طور پر 20 تا 30 ریال کلو میں فروخت ہوتی ہیں۔ روتانہ ، ربیعہ اور خضری 30 تا 40 ریال فی کلو دستیاب ہیں۔
کھجور میلے: ’ہماری کھجوریں باعثِ برکت ہیں‘

مدینہ منورہ میں ’ہماری کھجوریں باعثِ برکت ہیں‘ کے زیر عنوان میلے میں ڈیڑھ ملین کلو سے زیادہ  عجوہ فروخت ہوتی ہے۔ یہاں آنے والے  مزارعین کو  سٹالز کے ساتھ مختلف سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ گاہکوں کی صحت کے پیش نظر  بلدیہ کی جانب سے سخت نگرانی کی جاتی ہے۔
سمارٹ کھجور پروگرام کے ذریعے کاشتکاروں کے لیے رہنمائی
سمارٹ  کھجور پروگرام میں ریاض، قصیم، حائل، الجوف، تبوک اور مدینہ منورہ کے علاقوں میں نخلستانوں کے مالکان کو شجرکاری، قلمکاری، آبپاشی، کھاد کے ذریعے افزائش سمیت تمام امور سادہ اور  جدید انداز میں سمجھائے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل سکرین میں کھجور کی کاشت کا مکمل پروگرام فیڈ کیا گیا ہے۔
ایسی کھجور جس پر شاعروں نے قصیدے کہے

حلوۃ الجوف نامی کھجور دنیا کے معروف سیاحوں کی نظر میں سینکڑوں برس سے خاص مقام  رکھتی ہے۔ مقامی باشندوں کو اس پر بڑا فخر ہے۔ اس کھجور کی شان میں مقامی شاعروں نے قصیدے  کہے ہیں۔ الجوف میں 1.2ملین درختوں میں سب سے زیادہ  پیداوار حلوۃ الجوف کی ہوتی ہے۔
دنیا  بھر میں کھجور کی دو ہزار سے زائد اقسام  
کنگ عبد اللہ یونیورسٹی برائے سائنس وٹیکنالوجی (کاؤسٹ) کی پروفیسر ڈاکٹر اکرام بلیلو  اپنی ٹیم کے ساتھ مدینہ منورہ کی عجوہ کھجور پر تحقیق کر رہی ہیں ان کے مطابق دنیا میں دو ہزار قسم کی کھجوریں ہیں ،سعودی عرب  میں 400 قسمیں  پائی جاتی ہیں۔  
سعودی عرب میں کھجور کی سالانہ پیداوار  

اس وقت سعودی عرب میں  مختلف اقسام کی کھجوروں کی سالانہ پیداوار 1.1 ملین ٹن ہے۔ پوری دنیا میں کھجوروں کی 15 فیصد پیداوار سعودی عرب میں ہوتی ہے۔ کھجور  کا درخت صحرائی علاقوں کی شدید گرمی اور نامساعد حالات میں بھی پھل دیتا ہے۔
کھجور، مکمل غذا اور توانانی کا خزانہ

کھجورمکمل غذا اور توانائی کا خزانہ ہے۔ کھجور کھانے سے دل کو تقویت ملتی ہے۔ یہ بلڈپریشرمیں مفید ہے۔ جسم کوہڈیوں اور دانتوں کے لیے مفید اور فوری توانائی کےعلاوہ نظر تیز اور قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔
دودھ اور شہد کے ساتھ کھجور کی افادیت میں دگنا فائدہ  
جسمانی بیماری کے بعد کمزوری ، ذہنی دباو اور تھکاوٹ  میں انتہائی فائدہ مند ہے۔پیٹ کی خرابی  دور کرتی اور قبض کشا ہوتی ہے۔ دودھ کے ساتھ کھجور بھر پور غذائیت مہیا کرتی ہے اوراگر شہد میں ملا کر اس کا  استعمال کیا جائے فائدہ دوگنا ہو جاتا ہے۔  

شیئر: