Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح: ’کمپنی یہی چلے گی‘

پاکستان نے میچ کے چوتھے روز ہی ہدف حاصل کر کے فتح سمیٹ لی (فوٹو: سکرین گریب)
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی سمیٹنے والی قومی ٹیم نے کرکٹ مبصرین اور شائقین سے بھرپور داد سمیٹی تو کرکٹ پلیئرز کو سراہنے میں سوشل میڈیا بھی پیچھے نہ رہا۔
پہلی اننگز میں سنچری کرنے والے فواد عالم اور اپنے اولین میچ میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے نعمان علی گزشتہ تین روز سے شائقین کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے تھے، البتہ جمعے کو ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز وننگ شاٹ لگتے ہی پاکستانی ٹویپس نے کھلاڑیوں کی انفرادی اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کی تو ساتھ ہی ٹیم انتظامیہ کو بھی سراہا۔
پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے ٹیم کی کامیابی پر تبصرے میں فتح کا کریڈٹ نعمان علی، فواد عالم اور یاسر شاہ کو دیا تو تلقین کی کہ خوب محظوظ ہوں اور ساتھ ہی اگلے چیلنج کے لیے تیار رہیں۔

کچھ عرصہ قبل تک شدید تنقید کے نشانے پر رہنے والی ٹیم مینیجمنٹ بھی اس مرتبہ تعریف کی مستحق قرار پائی تو کرکٹ شائقین نے کسی کنجوسی کے بغیر ان کی کاوشوں کو سرایا۔ کچھ ٹویپس اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ’کمپنی یہی چلے گی‘ کا فیصلہ سنا گئے۔

فواد عالم پاکستانی فتح پر خوشی مناتے شائقین کرکٹ کی خصوصی دلچسپی کا مرکز رہے۔ ایک کرکٹ شائق نے میچ کے دوران فواد عالم کے سٹائل کو تصویر کی صورت اپنی ٹویٹ کا حصہ بنایا تو لکھا ’مجھے اس طرح کا اعتماد چاہیے‘۔

فواد عالم کی تعریف کا سلسلہ شروع ہوا تو مختلف افراد اپنے اپنے انداز میں انہیں سراہتے دیکھے گئے، کسی نے ان کی گزشتہ دس برس کی ضائع ہونے والی کرکٹ کا ذکر کر کے توقع ظاہر کی کہ وہ رہ جانے والی ساری سنچریاں اب بنائیں گے تو کوئی ان کے انداز کی تعریف کرتا رہا، کچھ صارفین جذبات میں اس حد تک چلے گئے کہ ان کے نام کو ’کنگ‘ کا متبادل قرار دے ڈالا۔
 

چند برس قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ایک میچ کے دوران گراؤنڈ میں بال پکر رہنے سے اسی سائیڈ کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے بابر اعظم بیٹنگ میں کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکنے کے باوجود بطور کپتان  ٹیسٹ میں پہلی کامیابی پر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے۔
 
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران تماشائیوں نہ ہونے کی کمی کو بھی شدت سے محسوس کیا گیا۔ کچھ صارفین نے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کی تعریف کی تو ساتھ ہی تماشائی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
 

اگر چہ جنوبی افریقی ٹیم دورہ پاکستان کے دوران ہونے والے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کے مقابلے میں سرخرو نہ ہو سکی تاہم پروٹیز کے بولر ربادا اپنے کیریئر کا اہم سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب رہے۔ 44ویں ٹیسٹ میچ میں اپنے کیریئر کی 200 وکٹیں مکمل کر کے وہ جنوبی افریقہ میں تیسرے بولر بنے جنہوں نے کم میچز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔
 

یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے سات برس کے طویل عرصے کے بعد جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں پاکستان کو 88 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جو قومی ٹیم نے تین وکٹیں کھو کر حاصل کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے جہاں دونوں ٹیموں نے وسط فروری تک دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔

شیئر: