Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں معیار زندگی بلند کرنے کے لیے نیا کیا ہے؟

لوگ خوبصورت ماحول میں اپنی شامیں گزار سکیں گے- (فوٹو ریاض میونسپلٹی)
سعودی عرب میں ریاض میونسپلٹی نے دارالحکومت میں زندگی کا معیار بلند کرنے کے  لیے ’دکۃ پروگرام‘ متعارف  کرایا ہے۔
’دکۃ‘ سعودی معاشرے  میں گھروں اور حویلیوں کے باہر سادہ قسم کی بیٹھک کہلاتی ہے۔ یہاں گھر کا سربراہ  اپنے رشتہ داروں اور دوست احباب کی ہلکی پھلکی ضیافت کا اہتمام کرتا ہے۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق ریاض میونسپلٹی نے مقامی معاشرے کی اس روایت کو جدید انداز میں پیش کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ اس کے تحت ریاض شہر کا منظر نامہ تبدیل ہوگا۔  
خالی پڑے ہوئے کھلے مقامات سبزہ زاروں میں تبدیل ہوں گے۔ سائیکلوں کے لیے جگہیں خاص ہوں گی۔ بچوں کے لیے جھولوں اور کھیلوں کی جگہیں ہوں گی جبکہ راہگیروں کے لیے محفوظ راہداریاں بھی بنائی جائیں گی۔ 

بچوں کے لیے جھولوں اور کھیلوں کی جگہیں ہوں گی- (فوٹو ریاض میونسپلٹی)

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے نے ریاض میونسپلٹی کے اس پروجیکٹ پر رپورٹ شائع کرکے بتایا ہے کہ ریاض کو معیاری زندگی سے متعارف کرنے والے پروگرام کے لیے ’دکۃ‘ لفظ کا انتخاب جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔ یہ سعودی عرب کی سماجی، ثقافتی زندگی اور معاشرے  کے قدرتی ماحول  کی پاسبانی کرنے والی روایتوں کا ترجمان ہے۔ 
ریاض میونسپلٹی سعودی ویژن 2030 کے تناظر میں دارالحکومت کے باشندوں کو پیش کی جانے والی خدمات کا معیار بلند کرے گی۔ خاندانوں اور افراد کی زندگی کا معیار بہتر بنائے گی۔ دارالحکومت کے لوگوں کو تفریحاتی، ثقافتی اور کھیلوں کے پروگراموں میں شریک کرے گی۔ 
’دکۃ‘ پروگرام کے تحت ریاض میں آبادیوں کے درمیان کھلے سرسبز مقامات قائم کیے جائیں گے۔ جہاں شہریوں کو مختلف معیاری سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ اس پروگرام کی بدولت مقامی شہری پرفضا اور خوبصورت ماحول میں اپنی شامیں گزار سکیں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: