Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکاؤنٹنگ میں ورلڈ ٹاپر، ’زارا نعیم پاکستانی قوم کا فخر بن گئی ہیں‘

پاکستانی طالبہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے انعام کی حقدار قرار پائی ہیں (فوٹو: انسٹاگرام زارا نعیم)
پاکستانی طالبہ زارا نعیم ڈار نے اکاؤنٹنگ کے امتحان میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ نمبر لیے اور انعام کی حقدار قرار پائیں تو سوشل میڈیا اس منفرد اعزاز پر انہیں سراہے بغیر رہ نہ سکا۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی زارا نعیم کو ملنے والی کامیابی سے متعلق گفتگو کے بیشتر شرکا اس بات پر متفق تھے کہ ان کی یہ کامیابی سبھی کے لیے قابل فخر ہے۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’زارا نعیم ڈار اے سی سی اے کے امتحان میں کامیابی حاصل کر کے  پاکستانی قوم کا فخربن گئی ہیں۔
حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی زارا نعیم ڈار کی تصویر شیئر کر کے ان کی کامیابی کو سراہا گیا  تو اسے پاکستان کے لیے ’قابل فخر لمحہ‘ قرار دیا گیا۔

ٹوئٹر ٹائم لائنز پر زارا نعیم اور ان کی کارکردگی سے متعلق گفتگو کا دائرہ بڑھا تو ان کا نام ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنا رہا۔
ٹوئٹر صارف عمر نے لکھا ’اے سی سی اے‘ کا امتحان بہت مشکل ہوتا ہے جسے کچھ ہی لوگ اپنی محنت سے پاس کر سکتے ہیں۔ پوری دینا میں نام بنانے کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہوتی ہے‘۔ 

پاکستانی طالبہ کی کامیابی کو بیرون ملک بھی سراہا گیا۔ پاکستان ایمبیسی آئرلینڈ کے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ نے بھی ان کی کامیابی کو ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا۔

آصف محمود نامی صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ زارا نعیم لگن اور عزم سے تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کے لیے مثال ہیں۔

پاکستانی طالبہ کو ملنے والے کامیابی پر گفتگو کے دوران معاشرتی رویے اور سماجی ترجیحات بھی موضوع بنے۔ کومل انصاری نامی یوزر کا موقف تھا کہ کچھ دن قبل ایک لڑکی نے ایک ویڈیو بنائی اور ہر شخص اس لڑکی کے بارے میں جانتا ہے۔ مگر ایک لڑکی جو دنیا میں پاکستان کا فخر بنی، اے سی سی اے کا امتحان پاس کیا، لیکن ہم میں سے بہت مشکل سے اسے کوئی جانتا ہو۔

سوشل میڈیا پر اپنی کامیابی سے متعلق گفتگو دیکھی اور تعریفی کلمات سنے تو زارا نعیم نے پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کا شکریہ ادا کیا اور اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے جذبات بھی سامنے لائیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by (@zaraa.dar)

دسمبر 2020 میں ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) کے فنانشل رپورٹنگ سے متعلق امتحان میں زارا نعیم دنیا بھر میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے انعام کی حقدار قرار پائی ہیں۔
1904 میں اکاؤنٹنگ سے متعلق قائم کی گئی عالمی باڈی اے سی سی اے دنیا کے 50 سے زائد ملکوں میں 104 دفاتر یا سینٹرز کے ذریعے کام کرتی ہے۔ لندن میں صدر دفاتر اور گلاسگو میں انتظامی دفاتر رکھنے والا ادارہ اکاؤنٹنسی کی تعلیم سے متعلق اہم ترین مرکز مانا جاتا ہے۔

شیئر: