Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور زلمی کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی (فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔
پشاور زلمی نے 119 رنز کا ہدف 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔
 119 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا جو اچھا نہ تھا۔ امام الحق بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کامران اکمل صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹام کوہلر کیڈمور 46 رنز بنانے کے بعد فواد احمد کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ حیدر علی نے 36 رنز بنائے، حسن علی کی بال پر سالٹ نے ان کا کیچ لیا۔
 
شعیب ملک 36 جبکہ شرفین ردوفورڈ چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی دو جبکہ محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 17.1 اوورز میں صرف 118 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے۔
آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی پال سٹرلنگ صرف ایک سکور بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
فل سالٹ 9 رنز بنانے کے بعد ثاقب محمود کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ فہیم اشرف بھی ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کرسکے اور عمید آصف کی بال پر کیچ دے بیٹھے۔
حسین طلعت 22 رنز بنانے کے بعد مجیب الرحمان کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ آصف علی نے 19 سکور کیے اور وہ بھی وہاب ریاض کا شکار بنے، شعیب ملک نے ان کا کیچ لیا۔
شاداب خان صرف 6 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ ایلکس ہیلز نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز بنائے، ثاقب محمود کی گیند پر امام الحق نے ان کا کیچ لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

افتخار احمد سات رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی بال پر ٹام کوہلر کیڈمور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ حسن علی صرف سات کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے، وہاب ریاض نے انہیں ایل بی ڈبلیو کیا۔
آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی محمد وسیم تھے جو صرف ایک سکور بنا سکے، ثاقب محمود کی بال پر کامران اکمل نے ان کا کیچ لیا۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار جبکہ ثاقب محمود نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 

کراچی کنگز کی ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست

اس قبل سنیچر کو کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کراچی کنگز کے بابر اعظم نے 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 196 کا ہدف دیا تھا اور کراچی کنگز کے بلے بازوں نے اسے 18.5 اوورز میں پورا کر لیا۔
اوپنر بابر اعظم نے 60 گیندوں 90 رنز بنا کر جیت کو یقینی بنایا۔
کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ شاہنواز دہانی کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔ جو کلارک نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 54 بنائے لیکن وہ بھی شاہنواز کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
انگرام ابھی سنبھل نہ پائے تھے کہ انہیں سہیل خان نے آؤٹ کر دیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 195 رنز بنائے اوراس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔ کرس لین 32 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔
محمد رضوان نے ایک بار پھر ذمہ داری سے بلے بازی کرتے ہوتے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نبی نے ارشد اقبال کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔

محمد رضوان نے ایک بار پھر ذمہ داری سے بلے بازی کرتے ہوتے 43 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

جیمز ونس 45 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے، ارشد اقبال کی بال پر انگرام نے ان کا کیچ لیا۔ روسو صرف سات رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انہیں ڈینیئل کرسچیئن نے بولڈ کیا۔
خوش دل شاہ کو صرف 6 کے انفرادی سکور پر وقاص مقصود نے بولڈ کر دیا۔ شاہد آفریدی صرف تین رنز بنا سکے، محمد عامر کی بال پر محمد نبی نے ان کا کیچ لیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے دو جبکہ عماد وسیم اور ڈینیئل کرسچیئن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی چار میچز کھیل کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ پشاور نے تین میچز جیتے جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی۔
کراچی کنگز نے تین میچز کھیلے، دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میں اسے ناکامی ہوئی۔ اس طرح اس کے چار پوائنٹس ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا (فوٹو: اے ایف پی)

پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ لاہور قلندرز نے تین میچز کھیلے، دو میں فتح سمیٹی جبکہ ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز کھیلے جن میں سے دو میں اسے ناکامی ہوئی جبکہ ایک میچ میں فتح حاصل کی۔ اس طرح اسلام آباد کے چار پوائنٹس ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ملتان نے چار میچز کھیلے، صرف ایک میں کامیابی اس کا مقدر بنی جبکہ چار میچز میں قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا۔
پی ایس ایل کی سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں اب تک سب سے مایوس کن کارکردگی دکھائی ہے۔
سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ کی ٹیم نے تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں ہی اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس طرح پوائںٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے اور یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے یعنی آخری نمبر پر ہے۔

شیئر: