Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے ریاض میں علاقائی رہنماؤں کی ملاقاتیں

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا خیر مقدم کیا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی بن الحسین، بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد اور ملائشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے ملاقات کی ہے۔
  سعودی ولی عہد نے پیر کو اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی بن الحسین سے ریاض میں ملاقات کی۔  
الشرق الاوسط کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور اردن کے برادرانہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے طریقوں، مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے نئے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے متعدد عرب اور علاقائی مسائل اور انہیں حل کرنے کے لیے صرف کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
یاد رہے کہ اردنی فرمانروا پیر کو سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے تھے۔ ان کے ہمراہ ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی بھی  ریاض پہنچے ہیں۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ عبد اللہ کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزرا اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔
 بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد بھی پیر کو ریاض پہنچے جبکہ ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین بھی سعودی دارالحکومت ریاض میں ہیں۔

سعودی ولی عہد اور بحرینی ہم منصب نے بھی ریاض میں ملاقات کی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

الاخباریہ چینل نے بتایا سعودی ولی عہد اور بحرینی ولی عہد نے ریاض میں ملاقات کرکے دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات کا جائزہ لیا ہے۔
 مختلف شعبوں میں بحرین اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
المدینہ اخبار کے مطابق دونوں رہنماؤں نے برادر ملکوں کے لیے مزید کامیابیوں کے حصول کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا-
علاوہ ازیں ملائیشیا کے وزیراعظم نے بھی پیر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔
قبل ازیں ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے کہا تھا کہ ان کا دورہ سعودی عرب بے حد اہم ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے مذاکرات کریں گے۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب اور ملائیشیا کے بہترین تعلقات کے معیار کو بہت اوپر لے جانے کی کوشش کریں گے۔

شیئر: