امریکی کمپنی ایمیزون کا سعودی عرب میں 1500 نئی ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان
امریکی کمپنی ایمیزون کا سعودی عرب میں 1500 نئی ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان
بدھ 17 مارچ 2021 17:20
ایمیزون کے ریاض اور جدہ میں اس وقت تین ویئر ہاؤسز موجود ہیں (فوٹو: سپلائیڈ)
ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک امریکی کمپنی ایمیزون نے کہا ہے کہ ’وہ سعودی عرب میں 1500 ملازمین بھرتی کرنے اور 11 نئی عمارتیں قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق ایمیزون کی اس توسیع سے مملکت میں اس کی سٹوریج کی گنجائش میں 89 فیصد اور اس کی جغرافیائی ترسیل کے نیٹ ورک میں 58 فیصد اضافہ ہو گا۔‘
اس عالمی کپمنی کے اس وقت ریاض اور جدہ میں تین ویئر ہاؤسز، 11 ڈیلیوری سٹیشنز اور چھانٹی کے مراکز کام کر رہے ہیں جبکہ رواں سال کے اختتام تک ویئر ہاؤسز کی تعداد چھ اور ڈیلیوری سٹیشنز کی تعداد 13 ہو جائے گی۔
11 نئی عمارتیں نیٹ ورک کا حصہ بنیں گی اور پرانی تنصیبات کو بند یا اپ گریڈ کیا جائے گا۔
ایمیزون کی رواں سال کی یہ سرمایہ کاری نئے اضافے، پرانی عمارتوں کی بندش اور گاہکوں کو زیادہ تیز ڈیلیوری کے ںظام کو اپ گریڈ کر کے اس کی سٹوریج میں اضافے کا مقصد حاصل کرے گی۔
اس امریکی کمپنی کی سعودی پوسٹ اور دوسرے 10 سروسز شراکت داروں کے ساتھ شراکت داری بھی ہے۔
اس نئی سرمایہ کاری کے حوالے سے ایمیزون کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ڈائریکٹر آپریشنز پرشانت سارن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ یہ نئی سرمایہ کاری سعودی عرب سے ہماری وابستگی اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ذریعے مقامی معیشت میں شراکت کا اعادہ کرتی ہے۔‘
’ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے میں ہماری سرمایہ کاری سعودی عرب کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔‘
تاہم کمپنی نے نئی سرمایہ کاری کی مالیت کے حوالے سے نہیں بتایا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں ای کامرس مارکیٹ میں تیزی آگئی ہے۔
ریسرچ فرم سٹیٹسٹا کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں اس سال ای کامرس ریونیو سات ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔