Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پروجیکٹائل‘حملے سے جازان آئل ٹرمینل پر آگ لگ گئی: سعودی وزارت توانائی

عرب اتحاد نے حوثیوں کے 8 ڈرونز حملوں کو ناکام بنایا ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی وزارت توانائی نے جمعرات کو جازان میں اہم تیل تنصیب پر حملے کی شدید مذمت کی ہے جس سے ایک آئل ٹینک میں آگ لگ گئی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق وزارت نے جمعرات کو رات گئے ایک بیان میں کہا کہ ’تخریبی کارروائیوں کا نشانہ انرجی سپلائی کی سیکیورٹی ہے‘۔
الاخباریہ کے مطابق عرب اتحاد نے یمن میں حوثی ملیشیا کی طرف سے بھیجے گئے بارود سے لدے کئی ڈرونز راستے میں روک کر تباہ کیے ہیں۔
وزارت توانائی نے بیان میں کہا کہ’ جمعرات کو نو بجکر آٹھ منٹ پر جازان میں پٹرولیم پروڈکٹس کے ڈسٹری بیوشن ٹرمینل پر ’پروجیکٹائل‘ سے حملہ کیا گیا‘۔ 
’حملے کے نتیجے میں ٹرمینل کے ایک ٹینک میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’حملے کا ہدف صرف مملکت نہیں بلکہ تیل برآمدات، بین الاقوامی انرجی سپلائی کے استحکام، اور آزادانہ عالمی تجارت کے ساتھ بین الاقوامی معیشت بھی ہے‘۔
یاد رہے کہ ان حملوں سے دو دن قبل سعودی عرب نے یمن کے تنا زع کے حل کے لیے امن فارمولا پیش کیا تھا جسے عالمی برادری نے سراہا تھا۔
قبل ازیں عرب اتحاد برائے یمن نے بیان جاری کرکے کہا تھا کہ جمعرات کو حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں سے سعودی عرب پر 8 ڈرونز حملے کیے گئے- جنہیں ناکام بنادیا گیا۔
العربیہ اور الاخباریہ ویب سائٹس کے مطابق حوثیوں نے پہلے سعودی سول تنصیبات اور شہریوں پر حملے کے لیے چار ڈرونز بھیجے تھے جنہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی روک کر تباہ کردیا گیا تھا۔
حوثیوں نے پہلا حملہ ناکام ہوجانے کے بعد بارود بردار ڈرون سے خمیس مشیط پر حملے کی کوشش کی- عرب اتحاد نے اسے بھی ناکام بنادیا۔
الاخباریہ کے مطابق حوثیوں نے جازان اور نجران یونیورسٹیوں پر حملے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
عرب اتحاد نے بتایا کہ حوثیوں نے نجران شہر پر بارود بردار ڈرون سے حملے کی کوشش کی تھی جسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی گرا کر تباہ کردیا گیا۔

حوثیوں نے بیلسٹک میزائل سے حملے کی کوشش کی تھی جو الجوف میں گر کر تباہ ہوگیا۔(فوٹو العربیہ)

عاجل ویب سائٹ کے مطابق عرب اتحاد برائے یمن نے ایک اور بیان میں کہا کہ حوثیوں نے صنعا سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل سے حملے کی کوشش کی تھی جو الجوف میں گر کر تباہ ہوگیا۔
اس سے قبل عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حجۃ میں حوثی باغیوں کی بکتر بند گاڑیوں اور اسلحہ کے گوداموں پر حملے کیے تھے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق عرب اتحاد حوثیوں کی جارحانہ سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھا جیسے ہی انہوں نے حملوں کے لیے ڈرونز استعمال کیے فورا ہی انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا۔
 عرب وزرائے داخلہ کونسل نے یمنیوں، سعودی عرب، اس کے شہریوں، اہم سول تنصیبات پر حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  حوثی جان بوجھ کر منصوبہ بند طریقے سے تخریبی سرگرمیوں کے مرتکب ہورہے ہیں۔
عرب وزرائے داخلہ کونسل نے یہ بھی کہا کہ حوثی سعودی عرب کی سول تنصیبات پر حملے کی کوشش کرکے نہ صرف یہ کہ سعودی عرب اور اس کے  مسائل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد انٹرنیشنل انرجی سپلائی سیکیورٹی اور عالمی معیشت کو بھی زک پہنچانا ہے۔
متحدہ عرب امارات، بحرین اور اسلامی کانفرنس تنظیم ( اوآئی سی ) نے بھی حملو کی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: