Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا سے 135 افراد ہلاک، ’سنیچر اور اتوار کو کاروبار بند‘

گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر چار ہزار 681 کیسز سامنے آئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں مزید شدت دیکھنے میں آ رہی ہے اور گذشتہ روز وبا سے 135 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جو پاکستان میں رواں برس ایک دن میں ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 48 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 681 کیسز سامنے آئے اور 135 افراد ہلاک ہوئے۔
ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.73 فیصد ہے۔
پاکستان میں کورونا متاثرین کی کل تعداد سات لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، اور اب تک چھ لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 654 ہو گئی ہے۔

’ہفتے میں دو دن کاروبار بند رہیں گے‘

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے آج بدھ کو جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا ہے کہ سنیچر اور اتوار کو قومی سطح پر کاروبار بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق منگل کو اسد عمرکی زیر صدرات این سی اوسی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں  فیصلہ کیا گیا کہ رمضان میں افطار سے رات 12 بجے تک باہر کھانے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق بازار صبح سحری سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ سینما گھر اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔
بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رہے گی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب تک پابندی رہے گی۔

دیگر اقدامات کے ساتھ حکومت سمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کر رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اعلامیے کے مطابق اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی۔ نجی اور سرکاری دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی ہوگی۔
ایس او پیز پر این سی او سی کا جائزہ اجلاس 10رمضان کو ہوگا۔
پاکستان بھر میں طبی عملے اور معمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔
اسد عمر نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ’ نجی شعبے نے اب تک 18ہزار 700 ویکسین ڈوزز خود خرید کر لگائیں، ہم ویکسین کی خریداری کےلیے 15 کروڑ ڈالر مختص کر چکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ویکسین کے حصول کےلیے کوشاں ہیں، امید ہے کہ عید کے بعد تمام پاکستانیوں کو ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔

شیئر: