Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

21 رمضان کے جلوسوں پر پابندی، مجالس کی ایس او پیز کے ساتھ اجازت

پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران وبا کے پھیلاؤ میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر یوم علی سمیت ہر قسم کے جلوسوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سنیچر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن میں یوم علی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے کی۔

 

اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری اور وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر قسم کے جلوسوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اجلاس میں مجالس کے انعقاد کی سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اجازت دی گئی جو رمضان المبارک میں پہلے سے ہی نافذ ہیں۔
این سی او سی نے زور دیا ہے کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ مقامی علما اور  کمیونٹی کی اہم شخصیات کو شامل کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران وبا کے پھیلاؤ میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 146 اموات ہوئیں جبکہ اس دوران چار ہزار 696 مزید مریض سامنے آئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 90 ہزار 553 ہے جبکہ اموات کی کُل تعداد 17 ہزار 957 تک پہنچ گئی۔

شیئر: