Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرارے ٹیسٹ: حسن علی کا جادو چل گیا، تیسرے ہی دن فتح پاکستان کے نام

پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان نے ہرارے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مساکاندا 43، برینڈن ٹیلر 29 اور کیون کسوزا 28 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
حسن علی نے زمبابوے کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، اس طرح میچ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

 

نعمان علی نے دوسری اننگز میں دو جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 426 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات فواد عالم کی شاندار سینچری تھی جو 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 20 چوکے شامل تھے۔
عمران بٹ صرف 9 رنز کی کمی سے اپنی پہلی سینچری مکمل نہ کرسکے اور 91 رنز پر پویلین لوٹ گئے جبکہ عابد علی نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد رضوان نے 45 جبکہ اظہر علی نے 36 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزارابانی نے چار اور ڈونلڈ ٹریپانو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
 اس سے پہلے زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف  176 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے میزبان ٹیم کے چار چار کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 7 مئی سے ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: