Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن: امتحان میں نمبر کم آنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا

سفاکانہ واقعے پرلوگوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
اردن میں ایک باپ نے جواں سال بیٹی کو امتحان میں کم نمبرآنے پرقتل کردیا۔ بیٹی کو زدکوب ہوتا دیکھ کر ماں اور خالہ  بچانے کے بجائے چیخوں کو روکنے کے لیے اس کا منہ دبا دیا۔
ویب نیوز ’اخبار24 ‘ کے مطابق اردن میں اس سفاکانہ قتل کے واقعے نے سب کو دہشت زدہ کردیا۔ سوشل میڈیا پرلوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس شخص کوسخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر’رانیا العبادی‘ کا ٹاپ ٹرینڈ چل رہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سفاک شخص اور اس کا ساتھ دینے والوں کو سزا دی جائے۔
اردنی ذرائع ابلاغ کے مطابق جواں سال رانیا العبادی یونیورسٹی کے سال اول کی طالبہ تھی۔ پڑھائی میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اسے یونیورسٹی کی طرف سے وظیفہ بھی دیا گیا تھا۔

 مقتولہ کو بہترین تعلیمی ریکاڈ پریونیورسٹی کیجانب سے وظیفہ ملتا تھا(فوٹو: سوشل میڈیا)

مقتولہ کا ایک پرچے میں نمبرکم آنے پر والد نے یہ کہہ کراسے زدوکوب کرنا شروع کیا کہ نمبر کم آنے پر اب اسے ملنے والا وظیفہ ختم ہو جائے گا ۔
باپ کم نمبر آنے پر بیٹی کو انتہائی وحشیانہ طریقہ سے مارتا رہا۔ اپنے بچاؤ کے لیے جب لڑکی چیخنے لگی تو وہاں موجود اس کی ماں اور خالہ نے بچانے کے بجائے اس کا منہ یہ کہہ کربند کردیا کہ آواز نہ نکالو۔
مظلوم لڑکی کی چیخ و پکار سن کر جب پڑوسیوں نے مداخلت کرنا چاہی تو باپ نے انہیں یہ کہہ کراندرآنے سے منع کردیا کہ یہ ہمارے گھرکا اندرونی معاملہ ہے کسی کو اس میں مداخلت کی اجازت نہیں۔
اردنی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر اسے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پرتحقیقاتی ادارے کے سپرد کردیا گیا ہے جہاں  اس سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
سوشل میڈیا پرمقتولہ کی واقف کار کا کہنا تھا کہ ’رانیا ہمیشہ سے پڑھائی میں بہت اچھی تھی تاہم وہ اپنے والد کی وجہ سے سخت ذہنی دباؤ کا شکار رہتی تھی جو ہمیشہ پڑھائی کے حوالے سے اس پردباو ڈالتا رہتا تھا‘۔

شیئر: