Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو انتقال کر گئے

میر ہزار کھوسو 25 مارچ 2013 سے پانچ جون 2013 کے دوران ملک کے نگران وزیراعظم رہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ میر ہزار خان کھوسو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 92 برس تھی۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد اور دیگر ججز نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔
سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق میر ہزار خان کھوسو گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، ان کا انتقال کوئٹہ کے ایک نجی ہسپتال میں ہوا۔

 

وہ 30 ستمبر 1929 کو بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے ایک گاؤں گوٹھ اعظم خان میں پیدا ہوئے تھے۔
میر ہزار خان کھوسو عام انتخابات کے انعقاد کے دوران 25 مارچ 2013 سے پانچ جون 2013 کے دوران ملک کے نگران وزیراعظم رہے۔
انہوں نے قانون کی تعلیم کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی تھی اور کوئٹہ سے بطور وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔ اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے جج بنے۔
کیریئر کے آغاز میں میر ہزار خان کھوسو کوئٹہ لا کالج میں پروفیسر بھی رہے۔ وہ اپنے علاقے میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے بھی سرگرم رہے۔ 

شیئر: