Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب ثابت کرنے کا وقت ہے، یوگا سے ہی ہوگا: شلپا شیٹی

شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو ممبئی پولیس نے فحش فلموں کے کیس میں گذشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی اگرچہ اپنے شوہر راج کندرا کی فحش فلموں کے کیس میں گرفتاری کے بعد سے پریشان ہیں مگر اس دوران بھی وہ خود کو ’مثبت‘ رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں جس کا اندازہ ان کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ سے ہوتا ہے۔
ایک طویل ’بریک‘ کے بعد بالی وڈ میں ’فٹ اینڈ سمارٹ‘ سمجھی جانے والی اداکارہ شلپا شیٹی نے سوشل میڈیا پر اپنا ’کم بیک‘ کیا ہے اور پیر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ یوگا کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنے جنگجو خود بنیے۔ زندگی کے نشیب و فراز میں، میں صرف یوگا کرتی ہوں۔ یہ میرے مثبت، متوازن اور متوجہ رہنے کے لیے سب سے بہترین علاج ہے۔‘
شلپا نے مزید لکھا کہ ’اب ثابت کرنے کا وقت ہے، یوگا سے ہی ہوگا۔‘
اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو ممبئی پولیس نے فحش فلموں کے کیس میں گذشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ’راج کندرا کے خلاف ان کے پاس کافی ثبوت موجود ہے تاہم کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔‘
شلپا نے پہلے تو اس معاملے میں خاموشی اختیار کیے رکھی مگر پھر ان کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’گذشتہ چند روز ہر طرح سے بہت مشکل گزرے ہیں۔ بہت سی افواہیں اور الزامات گردش کر رہے ہیں۔ بہت سے بیانات میڈیا میں مجھ سے منسوب کیے جا رہے ہیں۔ میں نے اب تک اس پر بات نہیں کی، اور آئندہ بھی نہیں کروں گی کیونکہ یہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔ مہربانی کریں اور مجھ سے غلط بیانات منسوب نہ کریں۔‘

شیئر: