Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پھر بڑھا دی گئیں

نئی قیمتوں کا اطلاق 30 ستمبر کی رات بارہ بجے سے ہو گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان میں حکومت کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم قیمتوں میں کیے گئے اضافے کے تحت پیٹرول پر فی لٹر چار روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 127 روپے سے زائد ہو گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں سات روپے پانچ پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر دو روپے اور لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر آٹھ روپے 82 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ 
حکومت پاکستان کے فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق ’عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اوگرا نے قیمتوں میں زیادہ اضافے کی کوشش کی تاہم وزیراعظم نے تجویز کے برخلاف کم سے کم اضافے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
فنانس ڈویژن نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ ’پاکستان میں پیٹرولیم قیمتیں ریجن میں سب سے کم ہیں۔‘
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات 30 ستمبر کی شب 12 بجے سے ہو گا۔
جمعرات کو کرنسیوں کے شرح تبادلہ کے لحاظ سے جہاں ڈالر ملکی تاریخ میں سب سے بلند سطح پر رہا ہے وہیں نئی پیٹرولیم قیمتوں کے اعلان کے بعد پیٹرول بھی 127.30 روپے کے ساتھ بلند ترین قیمت پر موجود ہے۔

شیئر: