Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا میں 14 کینگروؤں کو ہلاک کرنے پر دو لڑکے گرفتار

مقامی افراد کو 14 کینگرو مردہ حالت میں ملے۔ (فائل فوٹو: ان سپلیش)
آسٹریلیا میں حملہ کر کے 14 کنگروؤں کو ہلاک کرنے والے دو لڑکوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں دارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 17 سال کے دو لڑکوں کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد منگل کو ان پر کینگروؤں پر حملہ کرکے انہیں ہلاک کرنے کے الزامات لگائے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سنیچر کی صبح آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے قریب بیٹمنز بے نامی علاقے میں مقامی افراد نے ایسڑن گرے کینگروؤں کو مردہ حالت میں پایا۔ ان میں دو چھوٹے کینگرو بھی شامل تھے۔
اے ایف پی کے مطابق مردہ حالت میں پائے جانے والے کینگروؤں کی تعداد 14 تھی، تاہم وائرز نامی جانوروں کو بچانے والی تنظیم نے 15 کی تعداد بتائی ہے۔ 
وائرز نے فیس بک پر کہا ہے کہ ’یہ المناک اور بے حس حرکت ہے جس نے جائے وقوعہ پر جانے والے ہماری مڈ ساؤتھ کوسٹ برانچ کے سرشار رضاکاروں اور مقامی افراد پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔‘
پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان جانوروں کی لاشوں کو اس علاقے کی دو مختلف جگہوں پر پایا۔
ایک شخص کو ایک چھوٹی مادہ کینگرو زندہ حالت میں ملی جسے رضاکاروں نے ’ہوپ‘ کا نام دیا۔
مڈ ساؤتھ کوسٹ وائرز کی سربراہ جنیل رینز نے سرکاری نیوز چینل اے بی سی کو بتایا کہ ’حیرت انگیز طور پر وہ بلکل ٹھیک ہے۔ [لیکن] جب اسے یہاں لایا گیا تھا اس میں زیادہ جان نہیں تھی۔‘
چھوٹی مادہ کینگرو کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے جنیل رینز نے بتایا کہ اسے ہوش میں لانے میں تقریباً دو گھنٹے لگے۔
گرفتار کیے جانے والے دونوں لڑکوں کو 22 نومبر کو بچوں کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان پر جانوروں کو بری طرح مارنے اور قتل کرنے کا الزام ہے۔

شیئر: