Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا کے خلاف پاکستان کون سے کھلاڑی میدان میں اتارے گا؟

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’ہم نے اس میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ کے لیے 12 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ 
پاکستان کا انڈیا کے خلاف اعلان کردہ سکواڈ  چار بلے بازوں، چار آل راونڈرز، تین فاسٹ باولرز اور ایک وکٹ کیپر بیٹسمن پر مشتمل ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، آل راونڈر عماد وسیم، شاداب خان، محمد حفیظ اور شعیب ملک شامل ہیں۔
حسن علی، حارث روف اور شاہین شاہ آفریدی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔  
خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اتوار کو روایتی حریف انڈیا کے مدمقابل ہوگی۔  
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’ہم نے اس میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور لڑکوں نے ٹریننگ سیشنز میں محنت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم بہتر کھیل پیش کریں گے۔‘  
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں بابراعظم نے کہا کہ ’ہمیں جو بہترین کمبینیشن لگا ہے ہم نے ایک دن پہلے ہی اس کا اعلان کر دیا ہے۔‘

پاکستان اور انڈیا کے ورلڈ کپ مقابلوں میں ریکارڈ کے حوالے سے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’ریکارڈ ہمیشہ ٹوٹنے کے لیے بنتے ہیں۔ ہم کوشش کریں گے ہم اچھی کرکٹ کھیلیں۔ دونوں ملکوں کے فینز اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتی ہے، ہمارا کام ہے کہ بہترین کرکٹ کھیلیں۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’بڑے ایونٹ میں ہر میچ میں پریشر ہوتا ہے، لیکن میری لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ کھلاڑی کسی بھی ٹیم کے خلاف ریلیکس نہیں ہوتے، بلے بازی کے وقت میں ہمیشہ اپنے پلانز کے مطابق بیٹنگ کرتا ہوں اور ساری توجہ اپنی بیٹنگ پر ہوتی ہے۔ ‘
پاکستان اور انڈیا اب تک ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں پانچ بار آمنے سامنے آئے ہیں جن میں پاکستان ٹیم کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
پاکستان کے گروپ میں روایتی حریف انڈیا کے علاوہ نیوزی لینڈ، افغانستان، سکاٹ لینڈ اور نمبیا شامل ہیں۔ 

شیئر: