Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ضرورت مندوں کے بجلی بل احسان پلیٹ فارم کے ذریعے ادا کیے جائیں گے‘

 احسان پلیٹ فارم کے ذریعے یتیموں کی کفالت بھی کی جارہی ہیں ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں احسان پلیٹ فارم کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبدالعزیز الحمادی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ کے دوران مخصوص شرائط کے ساتھ ضرورت مندوں کے بجلی بل احسان پلیٹ فارم کے ذریعے ادا کیے جائیں گے۔
احسان پلیٹ فارم سعودی عرب کا قومی فلاحی ادارہ ہے۔ اس کے ذریعے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کی مدد کی جاتی ہے۔ اس کا  95 فیصد بجٹ اندرون مملکت سعودیوں اور تارکین وطن کی ضروریات پوری کرنے پر خرچ کیا جارہا ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق عبدالعزیز الحمادی نے بتایا کہ  احسان پلیٹ فارم کے ذریعے یتیموں کی کفالت اور مصیبت زدہ خاندانوں کی ضروریات پوری کی جارہی ہیں۔ یہ کام مستقل بنیادوں پر رپورٹیں حاصل کرکے کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایام میں یتیموں اور مصیبت زدہ خاندانوں کی کفالت کے لیے خصوصی سکیم متعارف کرائی جائے گی۔ 
احسان پلیٹ فارم کے ایگزیکٹیو چیئرمین کا کہنا تھا کہ احسان پلیٹ فارم سرکاری ادارہ ہے۔ نگراں کمیٹی اس کے انتظامات کرتی ہے۔ زمینی حقائق کی بنیاد پر عطیات کی رقمیں اور امدادی سامان مملکت کے تمام علاقوں کے انتہائی ضرورت مند انسانوں میں تقسیم کی جاتی ہیں۔
 احسان پلیٹ فارم کو جتنے عطیات ملتے ہیں ان میں سے  95 فیصد اندرون مملکت خرچ کردیے جاتے ہیں۔ سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں دونوں کی ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ احسان پلیٹ فارم نے وزارت انصاف کی جانب سے جاری کردہ ’تعسرت‘ (دیوالیہ ہوگیا) سروس شروع کی ہے اس کے تحت ایسے افراد کے مسائل حل کیے جاتے ہیں جو دیوالیہ ہوجاتے ہیں۔ مطلوبہ اخراجات براہ راست  دیوالیہ ہوجانے والے لوگوں کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے جاتے ہیں۔

شیئر: