Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوادر میں خواتین کی ’تاریخی‘ ریلی، غیر قانونی ماہی گیری بند کرنے کا مطالبہ

بلوچستان کے ساحلی شہرگوادر میں ہزاروں خواتین نے سڑکوں پر نکل کر غیر قانونی ماہی گیری سمیت دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
مبصرین کے مطابق گوادر ہی نہیں بلوچستان کی تاریخ میں خواتین نے کبھی اتنی بڑی تعداد میں کسی سیاسی اجتماع میں شرکت نہیں کی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی گوادر میں خواتین کی ریلی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
احتجاجی ریلی کا اہتمام 'گوادر کو حق دو تحریک' کی جانب سے کیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمان کی زیر قیادت اس تحریک کی جانب سے گوادر میں گزشتہ پندرہ دنوں سے احتجاجی دھرنا بھی دیا جارہا ہے۔
پیر کی سہ پہر گوادر کے میرین ڈرائیو سے خواتین کی احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا۔ خواتین کی اکثریت نے نقاب اور برقعے پہن رکھے تھے اور ان میں سے کئی خواتین کے ہمراہ دودھ پیتے بچے بھی تھے۔ تقریباً تین کلومیٹر پیدل مارچ کے بعد میرین ڈرائیور پر ہی جی ڈی اے پارک کے قریب ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔
مقامی صحافی نور محسن کے مطابق ریلی اور جلسے میں ہر عمر کی خواتین شریک تھیں اور صرف خواتین کے جلسے اور ریلی کی بات کی جائے تو تعداد کے لحاظ سے یہ گوادر اور مکران ڈویژن ہی نہیں بلوچستان کی تاریخ کا بڑا اجتماع تھا۔
گوادر کے صحافی صداقت بلوچ نے بھی خواتین کی ریلی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے انہوں نے کبھی اتنی بڑی تعداد میں خواتین کو سڑکوں پر نہیں دیکھا۔
مولانا ہدایت الرحمان کے علاوہ عام خواتین اور طالبات نے  بھی اس اجتماع سے خطاب کیا اور کہا کہ ’بلوچ معاشرے میں خواتین کا گھروں سے یوں نکل کر سڑکوں پر احتجاج کرنا بہت بڑی بات ہے۔ خواتین پانی کی قلت، بے روزگاری، گھروں میں پڑنے والے فاقوں اور بنیادی سہولیات کے فقدان سے مجبور ہوکر میدان میں نکلی ہیں۔‘
خواتین مقررین کا کہنا تھا کہ ’گوادر کی ترقی کے دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں مگر یہ کیسی ترقی ہے کہ مقامی لوگوں کو روزگار مل رہا ہے اور نہ ہی  بنیادی حقوق۔ گھروں میں پینے کے لیے صاف پانی دستیاب نہیں، بجلی، تعلیم اور صحت کی سہولیات کا کوئی وجود نہیں۔‘
خواتین کا کہنا تھا کہ گوادر ہی نہیں پورے بلوچستان میں ایسی کوئی صنعت یا کارخانہ نہیں جہاں صرف سو لوگ کام کرسکیں۔ روزگار کے ذرائع صرف سمندر اور سرحد ہیں، لیکن اب ان دونوں ذرائع سے مقامی لوگوں کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا ہے۔ پاک ایران سرحد پر مقامی لوگوں کو تجارت کی اجازت نہیں دی جارہی جس سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔

خواتین کا کہنا تھا کہ ترقی کے نام پر معاشی قتل قبول نہیں (فوٹو ٹوئٹر)

ان کا کہنا تھا کہ ’پابندی کے باوجود متعلقہ حکام کی غفلت سے بڑی کشتیوں کے ذریعے ممنوعہ جالوں کے ذریعے مچھلیوں کا بڑے پیمانے پر غیر قانونی شکار کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سمندر بانجھ ہوگیا ہے اور مچھلیوں کی تعداد بہت کم رہ گئی ہے۔‘
’ہمارے ماہی گیر بھائی، بیٹے، شوہر یا والد سمندر جاتے ہیں تو ان کے ہاتھ کچھ نہیں لگتا۔ وہ خالی ہاتھ واپس آتے ہیں۔ مقامی ماہی گیروں کے گھروں میں فاقے پڑرہے ہیں۔‘
خواتین نے بڑی کشتیوں کے ذریعے مچھلی کے غیر قانونی شکار پر پابندی پر عملدرآمد اور سرحدی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرکے آزادانہ تجارت کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہروں کے اندر غیر ضروری چیک پوسٹوں اورمقامی لوگوں کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا جائے۔ چیک پوسٹیں صرف داخلی راستوں پر قائم کی جائیں۔
خواتین کا کہنا تھا کہ ترقی کے نام پر معاشی قتل قبول نہیں اور اپنے حقوق کے لیے جاری مزاحمت میں وہ مردوں کے شانہ بشانہ رہیں گی۔
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ ’خواتین ہمارے معاشرے کا اہم جز ہیں اس لیے ہم نے ان کو بھی اپنی جدوجہد میں شامل کیا ہے۔ ان کی شمولیت سے ہماری تحریک مزید مضبوط ہوئی ہے۔‘
 ان کا کہنا تھا کہ ’خواتین کی تاریخی ریلی بلوچستان میں حقوق کی فراہمی کے نئے دور کا آغازکرے گی۔ کوئٹہ اور اسلام آباد میں اہل اقتدار نے دیکھ لیا ہے کہ گوادر کا بچہ بچہ خواتین، بزرگ نوجوان سب پرامن جدوجہد کے ذریعے اپنے حق کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔ گوادر کی اآواز سننے اور بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے علاوہ اب حکمرانوں کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں۔‘

ناصر رحیم  کا کہنا تھا کہ گوادر کی سیاست میں پہلے بھی خواتین کا فعال کردار رہا ہے (فوٹو ٹوئٹر)

گوادر سے تعلق رکھنے والے تجزیہ کار ناصر رحیم سہرابی کے مطابق بلوچستان میں حکومت نے دھرنوں، جلسے جلوس پر پابندی عائد کر رکھی ہے، موجودہ حالات میں مردوں کا نکلنا بھی اہم بات سمجھی جاتی ہے ایسے میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین کا نکلنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ مسائل صرف ایک طبقے کے نہیں بلکہ سب لوگوں کے ہیں اور اس سے امیر غریب اور متوسط طبقے سمیت سب متاثر ہیں۔
’بے روزگاری اور معاشی تباہی کے ساتھ ساتھ نقل و حرکت کے حوالے لوگوں کی شکایات اور احساسات کو نظر انداز کیا گیا۔ گوادر میں جاری احتجاج اور خواتین کا نکلنا اس کا رد عمل ہے۔‘
 ان کا کہنا تھا کہ گوادر کی سیاست میں پہلے بھی خواتین کا فعال کردار رہا ہے۔ تربت، کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بلوچ خواتین لاپتہ افراد اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف سڑکوں پر نکلی ہیں۔ ان سب کے باوجود خواتین کی اتنی بڑی تعداد کا نکلنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں یہ اجتماع مولانا ہدایت الرحمان کی کال پر نہیں بلکہ مقامی خواتین کی اپنی خواہش پر ہوا ہے کیونکہ وہ چاہتی تھیں کہ وہ بھی اس احتجاج میں اپنا حصہ ڈالیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا سرحدی تجارت بحال کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ’ہماری حکومت صرف بلند و بانگ دعوے نہیں کرتی، بلکہ عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے۔‘
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو تربت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں جاری دھرنے کے شرکاء کے اکثر مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں (فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے کہا کہ تربت سمیت بلوچستان کے تمام سرحدی علاقوں میں بنیادی مسئلہ روزگار کے حصول کا ہے جس کا بڑا انحصار بارڈر سے وابستہ ہے اور بدقسمتی سے امن و امان کی وجہ سے بارڈر تجارت مکمل طور پر فعال نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ وہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے  بارڈر ٹریڈ کو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کرتے ہیں اور اس حوالے سے تیل سے وابستہ کاروبار کے لیے ٹوکن سسٹم مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے تاکہ سرحد کے دونوں جانب عوام آزادانہ طور پر شناختی کارڈ کے ساتھ تجارت کر سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی کی عوام کی کثیرتعداد ماہی گیری کے شعبے سے منسلک ہیں جس کے لیے ہم اس شعبے کی ترقی کے لیے خاطر خواہ اقدامات کر رہے ہیں۔ ضلع گوادر میں محکمہ ماہی گیری، پاکستان نیوی اور میری ٹائم سکیورٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ بلوچستان کے حدود میں داخل غیرقانونی ٹرالنگ کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ بلوچستان کے ماہی گیروں کے مفادات کا بہتر انداز میں تحفظ کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں جاری دھرنے کے شرکاء کے اکثر مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں جس پر عمل درآمد کے لیے چیک پوسٹوں کی کمی، گوادر شہر میں شراب کے کاروبار پر مکمل پابندی، ماہی گیروں کا تحفظ اور ٹوکن سسٹم کا خاتمہ شامل ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور بلوچستان بھر کی عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبہ بھر میں ہسپتالوں کی بہتری کے لیے خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

شیئر: